جنوبی بھارت میں شدید بارشیں اور سیلاب، 14افراد ہلاک، ہزاروں بے گھر
نئی دلی: جنوبی بھارت کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلاب سے کم سے کم 14افراد ہلاک جبکہ ہزاروں بے گھر ہوگئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایاگیاہے کہ ریاست کیرالا میں بارش سے حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 11ہوگئی ہے، جبکہ تقریبا 7,700افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرکے ریاست بھر کے 275ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا گیا۔
کیرالا کے ایک صوبائی وزیر نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ وی ڈی ساتھیسن نے کہا کہ وہ ضلعی حکام کے ساتھ ملاقات کرکے ریلیف کیمپوں کے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صفائی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق پیر کو بعض علاقوں میں تیز ہوائوں اور درمیانی درجے کی بارش کا امکان ہے۔شدید بارشوں کے باعث کیرالا میں کئی اسکول بھی بند کر دیے گئے، جبکہ حکومت نے ریاستی سطح پر ہونے والا اساتذہ کی بھرتی کا امتحان ملتوی کر دیا۔دوسری جانب پڑوسی ریاست کرناٹک کے شمالی علاقے میں شدید بارشوں کے باعث ہفتہ کو لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں ایک میاں بیوی اور ان کا بیٹا جاں بحق ہوگئے۔حکام متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔






