”آئی ایس پی آر“ نے یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے خصوصی نغمہ جاری کر دیا

اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) نے آج ”یوم استحصال کشمیر “کے موقع پر ایک خصوصی نغمہ آزادی جاری کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ممتاز پاکستانی میوزک کمپوزر ، پروڈیوسر ، ڈائریکٹر اور گلوکارہ واجد سعید کی سحر انگیز آواز میں یہ نغمہ کشمیری عوام کے جذبات اورامنگوں کا ترجمان ہے۔ نغمے کے بول” تمہارے ساتھ تھے اور ساتھ ہم رہیں گے“کشمیریوں کیساتھ پاکستان کی مکمل وابستگی اوریکجہتی کی عکاسی کرتے ہیں ۔
دل کوچھو لینے والے بول اورسحر انگیز دھن کے ساتھ یہ نغمہ امید،استقامت اورعزم کے احساس کو نمایاں اور اہل کشمیرکی ثابت قدمی،امید اور اپنے حق کیلئے بہادرانہ جدوجہد کوخراج تحسین پیش کرتا ہے۔
نغمے میں جنت نظیروادی کشمیرمیں بھارتی قتل وغارت اورخواتین وبچوں پربہیمانہ مظالم کواجاگر کیا گیا ہے۔ نغمے کے ذریعے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان حق خودارادیت کیلئے جدوجہد میں ہمیشہ کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑارہے گا۔






