بھارت :ریاست جھارکھنڈ میں آسمانی بجلی گرنے 14افراد ہلاک
نئی دہلی: بھارت کی مشرقی ریاست جھارکھنڈ میں مون سون کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں کم سے کم 14افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریاست جھارکھنڈ کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش اور آسمانی بجلی گرنے کے متعدد واقعات پیش آئے۔بارشوں سے سب سے زیادہ متاثرہ ضلع گریڈیہ میں10افراد ہلاک ہو گئے ۔پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں اکثریت ان کسانوں اور زرعی مزدوروں کی تھی جو بارش کے باوجود کھیتوں میں کام کر رہے تھے۔ اچانک بجلی گرنے سے انہیں سنبھلنے کا موقع نہ مل سکا، جبکہ مختلف مقامات پر کم سے کم 7 افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ریاستی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں جبکہ ضلعی حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ زخمیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور متاثرہ خاندانوں کی مدد یقینی بنائی جائے۔بھارتی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ جھارکھنڈ میں آئندہ چند روز تک موسلا دھار بارش، گرج چمک اور آسمانی بجلی گرنے کے مزید امکانات موجود ہیں۔بھارتی محکمہ موسمیات کی جانب سے رواں سال جنوری میں جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق صرف 2025کے دوران ریاست جھارکھنڈ میں آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں 200سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، جس سے اس قدرتی آفت کی سنگینی ظاہر ہوتی ہے۔






