حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کا”یوم استحصال کشمیر“ بھر پور طریقے سے منانے پر پاکستان کا شکریہ

اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے 5اگست کو ”یوم استحصال کشمیر“ بھر پور طریقے سے منانے پر حکومت پاکستان اورپاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا ہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنویر غلام محمد صفی ، جنرل سیکرٹری پرویز احمد شاہ اور سینئر رہنماﺅں محمد فاروق رحمانی اور محمود احمد ساغر نے اسلام آبادمیں جاری اپنے بیانات میں کہا کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کا نہ صرف ایک اہم فریق ہے بلکہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا زبردست حامی اور وکیل بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے 5اگست 2019کو مقبوضہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت غیر قانونی اور یکطرفہ طور پر چھین کر تنازعہ کشمیرکے حوالے سے موجود اقوام متحدہ کی قرار داووں کی سنگین خلاف ورزی کی اور وہ اپنے استعماری ہتھکنڈوں کے ذریعے علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے مذموم منصوبے پر عمل پیرا ہے۔
حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنماﺅں نے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارت کی حیثیت ایک غاصب اور جابر کے سوا کچھ نہیں ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان حق خود ارادیت کی جدوجہد میں مصروف کشمیریوں کی بھر پور سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی مدد فراہم کررہا ہے جس پر کشمیری اسکے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جبر کا شکار مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو ایک مرتبہ پھر مضبوط پیغام دیا کہ وہ حق پر مبنی اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں بلکہ مملکت خداد ادانکے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔








