بھارت آزاد کشمیر سے متعلق غلط معلومات پھیلا کر اپنے مظالم سے توجہ نہیں ہٹا سکتا: دفتر خارجہ
اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کے آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق الزامات اوربیانات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بھارت کوآزاد کشمیر کے جمہوری عمل پر تبصرہ کرنے کا کوئی اخلاقی و قانونی حق حاصل نہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ترجمان دفترخارجہ طاہر اندرابی نے اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے 13ویں انتخابات پرامن، شفاف اور آئین کے مطابق ہوئے، یہ انتخابات آزاد کشمیر کے لوگوں کی جمہوری اور سیاسی امنگوں کی عکاسی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات پر بھارتی بیانات بے بنیاد ہیں، آزاد کشمیر انتخابات شفاف انداز میں جاری ہیں، بھارت کے پاس ایسے بیانات کا کوئی اخلاقی جواز نہیں، بھارت آزاد کشمیر میں اموات کی غلط معلومات پھیلا کرغیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں جاری مظالم سے توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی مذمت کرتاہے،کشمیریوں کو یواین قرار دادوں کے مطابق حق رائے کا حق ملنا چاہیے،بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے انہوں نے کہاکہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کانوٹس لے۔ترجمان نے مقبوضہ کشمیرمیں کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کو دبانے کی بھارت کی منظم کوششوں کی مذمت کی۔ انہوں نے بھارت پرزور دیا ہے کہ وہ 5 اگست 2019 کے اپنے غیر قانونی اقدامات منسوخ کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے سازگار ماحول پیدا کرے۔مقبوضہ کشمیر میں ترقی کے بھارت کے دعوئوں کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بیانیے کشمیری عوام کے حقوق کا متبادل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز یوم استحصال کشمیر منایاگیا،مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں،بھارت کے 5اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کی مذمت کی گئی۔ترجمان نے کہاکہ پاکستان بنگلا دیش کی حالیہ اندرونی پیش رفت سے آگاہ ہے،پاکستان بنگلا دیش کی حالیہ اندرونی پیش رفت پر کوئی تبصرہ نہیں کرے گا،پاکستان دیگر ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا،بھارت سے دیا گیا بیان بھارت اور بنگلا دیش کا باہمی معاملہ ہے۔بنگلا دیشی عوام اپنے معاملات آزادانہ طور پر حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،پاکستان بنگلا دیش کی خودمختاری اور عوام کے آزادانہ فیصلوں کا احترام کرتا ہے،بنگلا دیش کے ساتھ ترقی اور باہمی تعاون جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔






