”ڈی ایف پی “ کا ” یوم استحصال کشمیر “ بھر پور طریقے سے منانے پر پاکستان کا شکریہ

سری نگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی ) نے ” یوم استحصال کشمیر “ بھر پور طریقے سے منانے پر حکومت پاکستان ، عسکری قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ پاکستان نے ایک مرتبہ پھر بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے محکوم لوگوں کیساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ، بھارت کے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدامات کو دوٹوک انداز میں مسترد اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنی غیر متزلزل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا۔
ترجمان نے کہا کہ کہ صدرِ پاکستان، وزیرِ اعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کے خصوصی پیغامات نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اور بھارتی جیلوں میں قید حریت قیادت کے حوصلے بلند کیے ہیں اور یہ واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان ہر سطح پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے پاکستان کی تمام سیاسی، مذہبی اور سماجی جماعتوں، وکلا، طلبہ، انسانی حقوق کی تنظیموں، ذرائع ابلاغ اور بالخصوص عوامِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے ملک بھر میں سیمینارز، کانفرنسوں، ریلیوں، احتجاجی مظاہروں اور دیگر تقریبات کے ذریعے کشمیری عوام سے اپنی لازوال وابستگی کا اظہار کیا۔
”ڈی ایف پی“ کے ترجمان نے دنیا بھر میں مقیم کشمیری اور پاکستانی تارکین وطن کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ”یومِ استحصالِ کشمیر “ پر مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا ، بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کی بھرپور مذمت کی اور عالمی برادری کی توجہ تنازعہ کشمیر اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کرائی۔
ترجما ن نے مزید کہا کہ کشمیری عوام بھارت کی تمام ترچیرہ دستیوں کے باوجود شہداءکے مقدس خون سے سنچی اپنی عظیم تحریک کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں۔






