سلووینیا میں بھارتی سفارتخانے پر خالصتان تحریک اور سی جے پی کے حق میں نعرے درج
سفارتخانے کے دروازے پر مودی دہشت گرد، ہندوستان مردہ باد کے نعرے

اسلام آباد:بھارت کے یوم آزادی سے چند روز قبل سلووینیا کے دارالحکومت لیوبلیانا میں بھارتی سفارتخانے کی عمارت پر خالصتان کے حامیوں اور کاکروچ جنتا پارٹی سے منسوب نعرے درج کیے گئے، جس سے بھارت کے اندر موجود سیاسی تنازعات ایک بار پھر عالمی سطح پر نمایاں ہوگئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سفارتخانے کے مرکزی دروازے پر خالصتان زندہ باد اور مودی دہشت گرد، ہندوستان مردہ باد جیسے نعرے لکھے گئے جبکہ مرکزی داخلی راستے پر خالصتان کے پرچم بھی لگائے گئے ہیں۔سفارتخانے کے دروازے پر بھارتی سفیر امیت نارنگ کے نام ایک پیغام بھی درج کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ پنجاب میں سکھوں کے لیے 15اگست یوم آزادی کی حیثیت نہیں رکھتا اس لئے وہاں بھارتی پرچم نہ لہرایا جائے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس اقدام سے ظاہر ہوتا ہے کہ بعض کارکن محض بھارتی حکومت کی تبدیلی کے مطالبے تک محدود نہیں ہیں بلکہ بھارت کو درپیش مسائل کے حل کے طور پر ملک کی تقسیم اور تحلیل کے تصورات کو بھی پیش کر رہے ہیں۔یورپ میں بھارتی سفارتی مشن کو نشانہ بنائے جانے سے بھارت کے داخلی سیاسی اور شناختی تنازعات بین الاقوامی سطح پر بھی اجاگر ہوئے ہیں جس سے نئی دہلی کے متحد و ہم آہنگ ریاست کے بیانیے پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔مبصرین نے کہا کہ اس واقعے کو محض ایک معمولی واقعہ قرار دے کر نظرانداز کرنے کے بجائے خالصتان کے علامتی اظہار اور بھارت کی تحلیل کے مطالبات میں موجود سیاسی و شناختی شکایات پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے، جو بھارت میں مسلسل جاری اختلافات کی عکاسی کرتے ہیں۔







