امپھال: شورش زدہ بھارتی ریاست منی پورپر تشدد واقعات مسلسل جاری ہیں ۔ مسلح افراد نے ضلع کانگ پوکپی کے ایک گائوں میں 10گھروں اور ایک گرجاگھر کو آگ لگا دی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ ضلع میں چمفائی کے علاقے کے ٹوپکا ناگا میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے فائرنگ کے بعد 10گھروں کو نذرِ آتش کر دیا۔ لائنگمائی ناگا کونسل نے گھروںکو نذر آتش کئے جانے کے واقعے کی تصدیق کی ہے۔یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب کانگ پوکپی ضلع کئی ماہ سے جاری تشدداور بدامنی کی لپیٹ میں ہے اور خراب سکیورٹی صورتحال اور نسلی اختلافات کے باعث شہریوں کوشدید مشکلات کا سامناہے ۔ لائنگمائی ناگا کونسل نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کے گھروں اور عبادت گاہ کودانستہ طورپر نشانہ بنایا گیا، جو ایک سنگین اورانتہائی قابل مذمت کارروائی ہے۔کونسل نے تشویش ظاہر کی کہ متاثرہ علاقے سے محض چند میٹر کے فاصلے پر بھارتی سکیورٹی اہلکار تعینات تھے،تاہم انہوں نے کوئی کارروائی نہیں کی ۔کونسل نے علاقے میں تعینات بھارتی فورسز کی تیاری اور کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے ممکنہ غفلت اور فرائض کی انجام دہی میں ناکامی پر افسو س کا اظہار کیا۔کونسل نے حملے کے ذمہ داروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی، قبائلی آبادیوں کے تحفظ کے لیے سکیورٹی اقدامات میں اضافہ، متاثرین کی بحالی، معاوضے اور متاثرہ خاندانوں کو مناسب امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیاہے۔






