
پاکستان کا 79واں یومِ آزادی پوری پاکستانی قوم کے لیے خوشی، عزم اور تجدیدِ عہد کا موقع ہے، مگر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے یہ دن ایک خاص جذباتی اہمیت رکھتا ہے۔ پاکستان کا یومِ آزادی کشمیری عوام کے دلوں میں امید، محبت اور اپنے تاریخی رشتے کی یاد تازہ کرتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام اس موقع پر پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہیں۔مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سمجھتے ہیں کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے، جو کسی بھی قوم کو آسانی سے حاصل نہیں ہوتی۔ پاکستان کے قیام کے لیے لاکھوں مسلمانوں نے اپنی جانوں، مال اور گھروں کی قربانیاں دیں۔ یہی وجہ ہے کہ کشمیری عوام پاکستان کی آزادی کی قدر و منزلت کو بخوبی سمجھتے ہیں اور پاکستانی قوم کے ساتھ اس تاریخی خوشی میں برابر کے شریک ہیں۔مقبوضہ جموں و کشمیر اور پاکستان کا تعلق محض ایک سیاسی نعرہ نہیں بلکہ تاریخ، نظریے، تہذیب، ثقافت اور جذبات کی گہری وابستگی کا نام ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اپنی ہر سانس کو پاکستان سے جڑا ہوا محسوس کرتے ہیں۔ ان کے دلوں میں پاکستان کے لیے محبت نسل در نسل منتقل ہوتی آئی ہے اور بھارتی جبر و استبداد کی تمام تر کوششیں اس تعلق کو کمزور نہیں کر سکیں۔مقبوضہ کشمیر کے عوام پاکستان کو ہمیشہ اپنا وکیل، اپنا محسن اور اپنے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کا مضبوط حمایتی سمجھتے ہیں۔ پاکستان نے عالمی سطح پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے جو آواز بلند کی ہے، وہ کشمیریوں کے لیے حوصلے اور امید کا باعث ہے۔
یومِ آزادی کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام پاکستان کے ان بہادر محافظوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جو وطن کے دفاع کے لیے سرحدوں پر سینہ سپر ہیں۔ شہدا اور غازیوں کی قربانیاں قوموں کی تاریخ کا روشن باب ہوتی ہیں۔آج جب پاکستان اپنا 79واں یومِ آزادی منا رہا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھی اپنے دلوں میں پاکستان کے لیے محبت اور عقیدت کے چراغ روشن کیے ہوئے ہیں۔ وہ اس دن کو اس عزم کے ساتھ منا رہے ہیں کہ کشمیر کی آزادی اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد جاری رہے گی اور پاکستان کے ساتھ ان کا تاریخی و جذباتی رشتہ مزید مضبوط ہوتا رہے گا۔مقبوضہ کشمیر کی عوام کا پیغام واضح ہے کہ وہ پاکستان کی خوشی کو اپنی خوشی سمجھتے ہیں، پاکستان کی سلامتی کو اپنی سلامتی تصور کرتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ اپنے رشتے کو وقت، حالات اور جبر سے بالاتر سمجھتے ہیں۔ کشمیریوں اور پاکستانیوں کا یہ رشتہ محض الفاظ کا نہیں بلکہ تاریخ، قربانی، محبت اور وفا کا رشتہ ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کرسکتی۔(مصنف کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سیکرٹری اطلاعات ہیں۔)







