یومِ آزادی پاکستان پر آزاد کشمیر میں ریلیاں نکالی گئیں

مظفرآباد :مظفرآباد سمیت آزاد جموں و کشمیر بھر میں آج یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر ریلیاں نکالی گئیں اور تقریبات منعقد کی گئیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ریلیوں میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے رہنمائوں، طلبہ، سیاسی و سماجی کارکنوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور کشمیری مہاجرین نے شرکت کی۔ شرکا نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور وہپاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے لگارہے تھے۔شرکا نے ”پاکستان سے رشتہ کیا، لا الہ الا اللہ، جیوے جیوے پاکستان، دل دل ہے کشمیر، جان جان پاکستان اور ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے” کے نعرے لگائے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام پاکستان سے گہری محبت اور وابستگی رکھتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعائیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب جموں و کشمیر پر بھارت کا فوجی قبضہ ختم ہوگا اور کشمیری عوام آزادانہ طور پر اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کا یومِ آزادی یومِ تشکر کے طور پر مناتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری نوجوان پاکستان کو مزید مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔
ادھر مظفرآباد میں یادگارشہداچوک کے سامنے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے زیر اہتمام یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر ایک عظیم الشان تقریب منعقد کی گئی، جس میں پاکستان سے کشمیری عوام کی گہری محبت اور لازوال رشتے کواجاگر کیاگیا۔تقریب کے شرکا نے پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے۔ تقریب کے اختتام پر شاندار آتش بازی بھی کی گئی جس سے یومِ آزادی کی خوشیاں مزید دوبالا ہوگئیں۔تقریب کی صدارت حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد نے کی، جبکہ راجہ خادم حسین، زاہد اشرف، شیخ عبدالمجید، مشتاق الاسلام، عبدالمجید میر اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔





