مقبوضہ جموں و کشمیر
کل جماعتی حریت کانفرنس کا مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان کا شکریہ
سرینگر 04ستمبر ( کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بزرگ حریت قائد سید علی گیلانی کی ملک بھر میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کر کے مقبوضہ علاقے کے لوگوں کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کرنے پر پاکستان کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں صدر پاکستان اور ملک کی دیگر شخصیات کا بھی شکریہ ادا کیا جو جمعہ کے روز اسلام آباد کی فیصل مسجد میں تحریک آزادی کشمیر کے عظیم رہنما کی غائبانہ نماز جنازہ میں شامل ہوئے۔
انہوں نے جموں و کشمیر کی غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر اپنے مضبوط موقف کے لیے پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔