مقبوضہ جموں و کشمیر
شوپیاں میں بھارتی فورسز کی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ضلع شوپیاں میں بھارتی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کر دی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کی 44 راشٹریہ رائفلز کے اہلکاروں اور پیراملٹری فورسز نے ضلع کے علاقے نائک پورہ میمندَر میں فوجی آپریشن شروع کیا۔ بھارتی فورسز نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کارروائی کے دوران علاقے میں ایک باغ سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا ہے۔ علاقے میں گھرگھر تلاشی کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی فورسز نے نام نہاد تحقیقات کے نام پر علاقے کے متعدد افراد سے پوچھ گچھ کی اورانہیں ہراساں کیا۔آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔








