APHC-AJK

بابائے حریت سید علی گیلانی کی پانچویں برسی

حریت وفد کی کشمیر یونیورسٹی انتظامیہ سے اہم ملاقات

مظفرآباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیرشاخ کے ایک اعلیٰ سطح وفد نے سینئر حریت رہنما شمیم شال کی قیادت میں آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے رجسٹرار سعادت حنیف ڈار سے اہم ملاقات کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ملاقات کا مقصد بابائے حریت سید علی گیلانی کی پانچویں برسی کے سلسلے میں کل جماعتی حریت کانفرنس اور کشمیر لبریشن سیل کے زیراہتمام منعقد ہونے والے خصوصی سیمینار میں یونیورسٹی انتظامیہ کی شرکت اور تعاون کو یقینی بنانا تھا۔اس موقع پر کشمیر اسٹڈیز کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سمیرا، سینئر حریت رہنما شیخ محمد یعقوب، سید گلشن اور مشتاق احمد بٹ بھی موجود تھے ۔ملاقات میں بابائے حریت سید علی گیلانی کی تحریکِ آزادیٔ کشمیر کے لیے نصف صدی سے زائد عرصے پر محیط جدوجہد، اصولی مؤقف، استقامت اور لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔حریت رہنمائوں نے اس امر پر زور دیا کہ سید علی گیلانی محض ایک سیاسی رہنما نہیں بلکہ کشمیری قوم کی سیاسی بیداری، حقِ خودارادیت اور مزاحمت کی ایک مضبوط علامت تھے۔ انہوں نے نامساعد حالات، قید و بند، سیاسی دباؤ اور مسلسل پابندیوں کے باوجود اپنے اصولی مؤقف سے کبھی انحراف نہیں کیا۔ ان کی زندگی نوجوان نسل کے لیے عزم، استقامت، نظریاتی وابستگی اور سیاسی شعور کی ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔حریت وفد نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جامعات اور تعلیمی ادارے کسی بھی معاشرے میں تاریخی شعور، فکری مکالمے اور قومی و بین الاقوامی مسائل کے ادراک کو فروغ دینے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ بابائے حریت سید علی گیلانی کی سیاسی و فکری جدوجہد کے مختلف پہلوؤں پر علمی و تحقیقی سطح پر گفتگو وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ نئی نسل کشمیر کی تاریخ، تنازعے کی بنیادی نوعیت اور کشمیری عوام کی سیاسی جدوجہد کے مختلف مراحل سے مؤثر انداز میں آگاہ ہو سکے۔آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے رجسٹرار سعادت حنیف ڈار نے حریت وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے سید علی گیلانی کی خدمات اور جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور سیمینار میں بھرپور شرکت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
بعد ازاں حریت وفد نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول سہیلی سرکار کی پرنسپل ڈاکٹر عابدہ سے بھی ملاقات کی اور بابائے حریت کی پانچویں برسی کے سلسلے میں منعقد ہونے والے سیمینار اور اس حوالے سے طلبہ و طالبات میں کشمیر کے تاریخی پس منظر، تحریکِ آزادی اور سید علی گیلانی کی فکری و سیاسی خدمات کو اجاگر کرنے پرزوردیا۔
حریت وفد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سید علی گیلانی کی فکری میراث، ان کے اصولی مؤقف اور تحریکِ آزادیٔ کشمیر کے لیے ان کی بے مثال جدوجہد کو نئی نسل تک منتقل کرنے کے لیے علمی، سیاسی اور سفارتی سطح پر مؤثر کاوشیں جاری رکھی جائیں گی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button