راجوری: کم سن بچی کی عصمت دری اور قتل کے خلاف مشعل بردار جلوس
جموں:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ضلع کشتواڑ میں ایک کم سن بچی کی عصمت دری اور قتل کے خلاف راجوری میں شہریوں نے مشعل بردارجلوس نکالااور متاثرہ خاندان کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق راجوری میں مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے پرامن احتجاج میں شرکت کی اور اس گھنائونے جرم کے مرتکب افراد کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ۔شعل بردارجلوس چلڈرن پارک سے شروع ہو کر گجر منڈی، راجوری پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
شرکاء نے ہاتھوں میں موم بتیاں اور انصاف کے مطالبے پر مشتمل پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ انہوں نے متاثرہ بچی اور اس کے اہل خانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف اس قسم کے سفاکانہ جرائم کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے اس واقعے کی منصفانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے قابض حکام پر زور دیا کہ اس میں ملوث تمام افراد کی شناخت کی جائے اور انہیں قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔



