بھارت:مدراس رجمنٹ کے اسلحہ گودام سے ہتھیاروں کی چوری، 4 افراد گرفتار
نئی دہلی:بھارت کے شہر سکندر آباد کے علاقے بولارم میں مدراس رجمنٹ کے فوجی اسلحہ خانے سے 12جدید ہتھیار اور بھاری مقدار میں گولہ بارود چوری ہونے کے بعد 4افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حراست میں لیے گئے 4افراد میں فوج کا سول عملہ بھی شامل ہے۔چوری ہونے والے ہتھیاروں میں 5 رائفلیں شامل ہیں جن میں AK-203اور انساس رائفلیں بھی شامل ہیں جبکہ 7پستول، 21میگزین اور گولیاں بھی غائب ہیں۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ فوجی حکام کی شکایت کے مطابق ہتھیاروں اور گولہ بارود کا آخری مرتبہ 30اگست کو باقاعدہ حساب کیا گیا تھا، چوری کا انکشاف 31اگست 2026 کو صبح8 بجے ہوا جب معمول کے مطابق اسلحہ خانے کو کھولا گیا تو گولہ بارود رکھنے والے کمرے کے تالے ٹوٹے ہوئے پائے گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق واقعے کی سنگینی کے پیشِ نظر فوجی انٹیلی جنس، مرکزی تحقیقاتی اداروں، تلنگانہ پولیس کے اعلی افسران اور تلنگانہ کانٹر انٹیلی جنس پر مشتمل کثیر ادارہ جاتی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔بھارتی فوجی حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ چوری کیے گئے ہتھیار اور گولہ بارود غیر مجاز افراد کے قبضے میں جا سکتے ہیں جنہیں غلط استعمال یا کسی دوسری جگہ منتقل کیے جانے کا بھی امکان ہے۔پولیس سے چوری، اسلحے کی غیر قانونی تحویل اور دیگر متعلقہ جرائم کے تحت مقدمہ درج کر کے فوری کارروائی کی درخواست کی گئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق واقعے کے فورا بعد فوجی یونٹ نے تمام ہتھیاروں اور گولہ بارود کی دوبارہ گنتی کی، ریکارڈ اور رجسٹر کی جانچ کی، اسلحہ رکھنے کی جگہوں اور قریبی علاقوں کی تلاشی شروع کر دی۔فوجی اسلحہ خانے تک رسائی رکھنے والے اہلکاروں کی فہرست تیار کر کے ان سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ہے جبکہ ضروری مقامات کو سیل کر دیا گیا ہے۔






