بھارت :سنگھو بارڈر پر خالصتان کے حق میں گرافٹی بنانے کے الزام میں تین افراد گرفتار
نئی دہلی : دہلی پولیس نے سنگھو بارڈر پر قابلِ اعتراض نعرے تحریر کرنے اور خالصتان کے حق میں گریفٹی بنانےکے الزام میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سنگھو بارڈر کی دیواروں پر یہ نعرے اور گریفٹی مبینہ طور پر 6 ستمبر کو سامنے آئی تھی جس کے بعد اسپیشل سیل نے ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کی۔ گرفتار افراد کی شناخت پریت پال، ہرمندر سنگھ اور شیش پال کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق تفتیش کاروں نے سنگھو بارڈر کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینے اور ان کی نقل و حرکت کا سراغ لگانے کے بعد انہیں پنجاب کے علاقے فریدکوٹ سے گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس مقصد کے لئے استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ نعرے اور گرافٹی خالصتان نواز گروپ ”سکھز فار جسٹس“ (ایس ایف جے) کے سربراہ گرپتونت سنگھ پنوں کی ہدایت پر بنائی گئی تھی۔ رپورٹس کے مطابق پنوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں اس واقعے کی ذمہ داری بھی قبول کر لی ہے۔پولیس کے مطابق پریت پال پنوں سے براہِ راست رابطے میں تھا، جنہوں نے انہیں سنگھو بارڈر کے قریب دیواروں پر نعرے لکھنے کی ہدایت کی تھی۔پریت پال کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون (یو اے پی اے) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ تحقیقات کے سلسلے میں تینوں افراد سے علی پور پولیس اسٹیشن میں اسپیشل سیل اور انٹیلی جنس بیورو کی ٹیمیں پوچھ گچھ کر رہی ہیں۔
بھارت میں سکھ برادری خالصتان کا مطالبہ اور اس سے متعلق سیاسی و تاریخی معاملات اٹھاتی رہی ہے۔ پنجاب سمیت بھارت کے مختلف علاقوں میں اور بیرونِ ملک قائم سکھوں کی تنظیمیں سکھ برادری کے ساتھ سلوک سے متعلق سیاسی مطالبات اور تاریخی شکایات کا اظہار کرتی رہی ہیں۔ انسانی حقوق کے کارکنوں نے سکھ کارکنوں اور خالصتان نوازافراد کے خلاف انسدادِ دہشت گردی قوانین کے استعمال پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔سکھ برادری اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے حوالے سے 1984 میں امرتسر کے گولڈن ٹیمپل میں بھارتی فوج کا آپریشن ایک اہم واقعہ سمجھا جاتا ہے۔ دستیاب تاریخی حوالوں کے مطابق آپریشن کے دوران اور اس کے بعد پنجاب اور بھارت کے دیگر علاقوں میں تشدد کے واقعات پیش آئے، جن میں بڑی تعداد میں سکھوں کو قتل کیاگیا۔ خالصتان تحریک کے حامی سکھ پنجاب کو بھارت سے الگ کرکے ایک علیحدہ خودمختار ریاست قائم کرنا چاہے ہیں۔








