بھارت کی نام نہاد جمہوریت کااصل چہرہ روز مقبوضہ کشمیر میں بے نقاب ہوتا ہے
اسلام آباد :آج جب دنیا بھر میں جمہوریت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، بی جے پی کی بھارتی حکومت جموں و کشمیر پر اپنا غیر قانونی قبضہ برقرار اور مظلوم کشمیری عوام کو اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کے جمہوری حق سے مسلسل محروم رکھے ہوئے ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کی جانب سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی قابض انتظامیہ مقبوضہ جموںوکشمیرمیںن مسلسل تمام جمہوری اصولوں کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔بھارت نے پورے جموںوکشمیر کا غیر قانونی فوجی محاصرہ کر رکھا ہے اورمقبوضہ علاقے میں رائج کالے قوانین کے کشمیری عوام کی آواز کو دبایاجارہا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے اپنے ہندوتوا ایجنڈے کے تحت کشمیریوں سے انکے تمام حقوق چھین لیے ہیں اور فوجی طاقت کے بل پر ان کے حقِ خود ارادیت کومسلسل دبارہا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فوجی روز بیگناہ کشمیری نوجوانوںکو جعلی مقابلوں میں قتل کر رہے ہیں اور قابض فوجیوں کی یہ سفاکیت اور درندگی بھارت کی نام نہاد جمہوریت کا اصل چہرہ ہے ۔5 اگست 2019جب مودی حکومت نے غیر قانونی طورپر جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کر دیا تھا ،کے بعد سے مقبوضہ علاقے کی صورتحال مزید ابتر ہو گئی ہے ۔ رپورٹ میں واضح کیاگیا ہے کہ گزشتہ 79برس سے بھارتی ظلم و بربریت کا نشانہ بننے کے باوجود کشمیری عوام اپنی منصفانہ جدوجہد آزادی کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں اور مودی کی ہندوتوا حکومت فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کی اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کودبا نہیں سکتی ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری بی جے پی اور آر ایس ایس کے زیر اثر بھارت کا حقیقی چہرہ پہچانے کہ وہ صرف نام نہاد جمہوریت کے لبادے میں لپٹی ایک ہندو فسطائی بنیاد پر ست ریاست ہے ۔ رپورٹ میں اقوام متحدہ پر زوردیاگیاہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر بھارت کا محاصہ کرے اور کشمیریوں کو انکا سلب شدہ انکا حق خود ارادیت دلانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ۔








