محض انتخابات کا انعقاد جمہوریت کی ضمانت نہیں، عوام کی آزادانہ سیاسی شرکت ضروری ہے، مسرت عالم بٹ
نئی دلی: کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے کہا ہے کہ محض انتخابات کا انعقاد جمہوریت کی ضمانت نہیں، بلکہ عوام کی آزادانہ سیاسی شرکت، انسانی حقوق، قانون کی حکمرانی اور سیاسی آزادیوں کا احترام جمہوری نظام کی بنیادی شرائط ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسرت عالم بٹ نے عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پرنئی دلی کی تہاڑ جیل سے جاری ایک بیان میں کہا کہ دنیا بھر میں جمہوریت، انسانی حقوق، قانون کی حکمرانی اور عوام کی سیاسی شرکت کو بنیادی جمہوری اقدار تسلیم کیا جاتا ہے، تاہم کشمیری عوام آج بھی اپنے سیاسی مستقبل کے آزادانہ تعین اور بنیادی حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت محض انتخابات کے انعقاد کا نام نہیں بلکہ عوام کو اپنی سیاسی خواہشات کے آزادانہ اظہار، اپنی قیادت کے انتخاب اور اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلہ سازی میں بامعنی شرکت کا حق دینا جمہوریت کی اصل روح ہے۔ مسرت عالم بٹ کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں سیاسی قیادت، کارکنوں، صحافیوں اور انسانی حقوق کے لیے آواز اٹھانے والوں کی طویل نظربندیاں اور سیاسی سرگرمیوں پر پابندیاں تشویش کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سیاسی اختلاف کو قید و بند اور کالے قوانین کے ذریعے دبایا جائے تو جمہوری عمل کی معنویت پر سوالات اٹھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی اپنی سیاسی جدوجہد کے دوران متعدد مرتبہ گرفتار اور طویل عرصے تک قید رہے ہیں۔ ان کے مطابق بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر کی عدالتوں کے ریکارڈ میں ان کی متعدد حراستی کارروائیوں کا ذکر موجود ہے، جبکہ مختلف مقدمات میں عدالتوں نے حراستی احکامات منسوخ کرتے ہوئے رہائی کے احکامات بھی جاری کیے۔ مسرت عالم بٹ نے کہا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو محض ایک سیاسی نعرہ سمجھ کر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ کشمیری عوام اپنے سیاسی مستقبل کے بارے میں آزادانہ رائے کے اظہار کا حق رکھتے ہیں اور عالمی برادری کو دیرینہ مسئلے کے سیاسی حل کے لیے اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔ انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں پرزوردیاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے، سیاسی قیدیوں کے معاملات پر توجہ دی جائے اور کشمیری عوام کی سیاسی آواز کو عالمی سطح پر سنا جائے۔ مسرت عالم بٹ نے کہا کہ یومِ جمہوریت کی اصل روح اسی وقت پوری ہوگی جب دنیا کے ہر خطے میں عوام کی آواز، آزادی، انسانی وقار اور سیاسی حقوق کا احترام یقینی بنایا جائے۔







