ادھم پور: بھارتی فورسزنے 2 نوجوان شہیدکردیے
جموں: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز اہلکاروں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع ادھم پور میں 2 نوجوان شہید کردیے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فورسز اہلکاروں نے نوجوانوں کو صبح سویرے ضلع کے علاقے مجالٹا میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران جعلی مقابلے میں شہید کیا۔شہید ہونے والوں کی شناخت فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔
بھارتی فورسز نے ضلع ادھمپور کے علاقوں مجالٹا، خوبند، سوہن اور بسنت گڑھ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی منگل کے روز شروع کی تھی۔ بھارتی حکام نے دعوی کیاہے یہ دونوں نوجوان عسکریت پسند تھے جو فورسز کے ساتھ ایک جھڑپ میں مارے گئے۔
مبصرین اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوںاورجعلی مقابلوں کے دوران ہونے والی ایسی ہلاکتوں پر اکثرسوالات اٹھائے جاتے ہیں۔ بعض واقعات میں نوجوانوں کو ماورائے عدالت جعلی مقابلوں میں قتل کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آتی ہیں۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی طرف سے اس طرح کے واقعات کی آزادانہ او ر شفاف تحقیقات کے مطابات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔
بھارت نے مقبوضہ جموںوکشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھنے کیلئے علاقے میں دس لاکھ سے زائد فورسز اہلکار تعینات کررکھے ہیں جنہیں کالے قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ (اے ایف ایس پی اے) کے تحت بے لگام احتیارات حاصل ہیں۔اس قانون کے تحت فورسز اہلکاروں کو مکمل استشنیٰ حاصل ہے۔







