مودی حکومت میں ووٹ چوری، حکومت چوری، اب پارٹی چوری جمہوری زوال کی علامت بن چکے ہیں
الیکشن کمیشن کا ترنمول کانگریس کے نام و انتخابی نشان سے متعلق فیصلہ مودی کو سالگرہ کا تحفہ ہے: راہل گاندھی
نئی دہلی:بھارت میں انڈین نیشنل کانگریس کے رہنماء اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے کہاہے کہ مودی حکومت کے دورمیں "ووٹ چوری، حکومت چوری، اب پارٹی چوری، ہمارے جمہوری زوال کی علامت بن چکے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ ترنمول کانگریس کے حریف دھڑوں کو مغربی بنگال کے ضمنی انتخابات کے دوران پارٹی کا نام اور انتخابی نشان استعمال کرنے سے روکنے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر کڑی تنقید کی ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ترنمول کانگریس کے نام اورانتخابی نشان کو منجمد کرنا چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی کو دیا گیا "سالگرہ کا تحفہ” ہے۔انہوں نے کہاکہ پہلے شیو سینا، پھر این سی پی، اور اب ترنمول کانگریس۔ ہر بار یہی طریقہ کار اپنایا جاتا ہے۔ بی جے پی اور الیکشن کمیشن مل کر پارٹی کو تقسیم کرتے ہیں۔ پھر اس کا انتخابی نشان چھین لیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری عوامی مینڈیٹ کا تحفظ کرنا ہے،لیکن اس کے برعکس وہ انہی قوتوں کی مدد کر رہا ہے جو عوام کے فیصلے کو پلٹ دیتی ہیں۔راہل گاندھی نے کہاکہ اگر پوری کی پوری پارٹی چوری کی جا سکتی ہے، تو اس میں کوئی حیرت کی بات نہیں کہ کروڑوں ہندوستانیوں کے ووٹ بھی چوری کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ لڑائی صرف ممتا بنرجی کی نہیں ہے بلکہ یہ ہر اس سیاسی جماعت اور ووٹر کی جنگ ہے جو بھارت میں منصفانہ انتخابات کی خواہش رکھتا ہے۔





