پروفیسر عبدالغنی بٹ کو پہلی برسی پر آغا سید حسن کا خراج عقیدت
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما، معروف دانشوراور ماہر تعلیم پروفیسر عبدالغنی بٹ کی پہلی برسی پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سال گزرنے کے باوجود پروفیسر بٹ کی علمی، فکری اور سیاسی خدمات آج بھی اہل کشمیر کے لیے مشعل راہ ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آغا سید حسن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکہا کہ پروفیسر عبدالغنی بٹ ایک صاحب علم، دوراندیش اور اصول پسند شخصیت تھے، جنہوں نے اپنی زندگی علم، تدبر، مکالمے اور افہام و تفہیم کے فروغ کے لیے وقف کی۔ انہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی تحمل، شائستگی اور دلیل کے ساتھ اپنی بات پیش کی اورہمیشہ اختلاف رائے کو تصادم کے بجائے مکالمے اور باہمی احترام کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا۔
آغا حسن نے کہا کہ پروفیسر بٹ کے ساتھ ان کی رفاقت کئی دہائیوں پر محیط رہی اور اس دوران انہیں قریب سے ایک ایسے انسان کو دیکھنے کا موقع ملا جو علم و دانش کے ساتھ تحمل، شائستگی اور وسیع القلبی کا پیکر تھا۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر عبدالغنی بٹ کی پہلی برسی ان کے افکار اور خدمات کو یاد کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی فکری میراث کو نئی نسل تک منتقل کرنے کا موقع ہے۔ ان کا علمی و سیاسی ورثہ کشمیر کی اجتماعی تاریخ میں ایک دیرپا حوالہ رہے گا۔صدر انجمن نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی اور اللہ تعالیٰ سے انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمانے کی دعا کی۔






