بھارت: بلقیس بانو اجتماعی عصمت دری کیس کا خطرناک مجرم پیرول پر رہا
احمد آباد: بھارت میں گجرات ہائی کورٹ نے2002کے بلقیس بانو اجتماعی عصمت دری اور قتل کیس میں عمر قید کی سزا کاٹنے والے 11مجرموں میں سے ایک، رادھے شیام بھگوان داس شاہ کو 7دنوں کی پیرول پر رہا کرنے کا حکم جاری کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہائی کورٹ نے بلقیس بانو اجتماعی عصمت دری اور قتل کیس کے مجرم رادھے شیام شاہ کے وکیل اس درخواست پر پیرول پر رہا کرنے کاحکم جاری کیا کہ اس کے خاندان کی مالی حالت ابتر ہے اور خاندانی مالیاتی معاملات میں اسکی مدد کی ضرورت ہے۔عدالت نے درخواست میں دی گئی دلیلوں اور جیل حکام کی رائے پر غور کرنے کے بعد پیرول دینے کا فیصلہ کیا۔جسٹس سنجیو جے ٹھاکر کی عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ درخواست میں دی گئی وجوہات اور جیل حکام کی رائے کو دیکھتے ہوئے، درخواست گزار کے حق میں اپنے اختیارِ تمیزی کا استعمال کرنا درست لگتا ہے۔عدالت نے حکم جاری کیا کہ مجرم رادھے شیام شاہ کو اصل رہائی کی تاریخ سے 7دنوں کی پیرول دی جائے گی۔ عدالت نے 10ہزارروپے کا مچلکوں کے عوض مجرم کو رہا کرنے کا حکم جاری کیا اورکہاکہ پیرول کا وقت ختم ہونے پر انہیں فوری طور پر جیل حکام کے سامنے حاضر ہونا ہوگااور پیرول کے دوران شاہ کو رہائی کے تیسرے اور پانچویں دن قریبی ترین پولیس اسٹیشن میں اپنی حاضری درج کرانی ہوگی۔
واضح رہے کہ رادھے شیام شاہ سمیت 11مجرموں کو 2002کے گجرات فسادات کے دوران بلقیس بانو گینگ ریپ اور قتل کے جرائم کے لیے 2008میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔اس سے قبل گزشتہ سال دسمبر میں بھی اسے پیرول پر رہاکیاگیاتھا۔






