نیویارک :شمیم شال نے او آئی سی رابطہ گروپ برائے جموں و کشمیر کوتازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا
نیویارک: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کی سینئر رہنما شمیم شال نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ برائے جموں و کشمیر کے اجلاس میں شرکت کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شمیم شال نے اجلاس کے شرکا کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ سیاسی، سماجی اورانسانی حقوق کی صورتحال سے آگاہ کیا اور کشمیری عوام کو درپیش مشکلات، سیاسی پابندیوں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بنیادی آزادیوں پر قدغنوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ جموں و کشمیر ایک دیرینہ اور حل طلب بین الاقوامی تنازعہ ہے اور اس کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اورکشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہی حل کیا جا سکتا ہے۔شمیم شال نے او آئی سی پر زور دیا کہ وہ عالمی سطح پر مسئلہ جموں و کشمیر کو اجاگر کرنے، کشمیری سیاسی قیدیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے حقوق کے تحفظ اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی واگزاری کے لیے اپنی سفارتی کوششیں مزید تیز کرے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر خاموش نہیں رہنا چاہیے اور اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو آزادانہ اور شفاف نگرانی کے ذریعے زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ شمیم شال نے او آئی سی کی جانب سے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اسلامی تعاون تنظیم مسئلہ جموں و کشمیر کے پرامن، منصفانہ اور پائیدارحل کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گی۔






