ڈی جی آئی ایس پی آرنے فالس فلیگ آپریشن میں ایک دہشتگرد کو مارنے کا بھارت کا دعویٰ بے نقاب کر دیا
بھارتی فوج کاآصف عرف موسی کو شہید کرنے کا دعویٰ ، احمد شریف چوہدری نے آصف کومیڈیا کے سامنے پیش کر دیا
راولپنڈی: فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے فالس فلیگ آپریشن میں ایک دہشت گرد کو مارنے کے بھارتی فوج کے دعوے کو بے نقاب کردیاہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس میں کہاہے کہ 29ستمبر کو بھارت نے ایک اور فالس فلیگ آپریشن کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ 29ستمبر کی شب بھارتی آرمی کی کور نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں دعویٰ کیاکہ مقبوضہ کشمیر میں آپریشن کے دوران محمد آصف عرف ہاشم موسی نامی ایک دہشت گرد مارا گیا ہے۔ لشکر طیبہ سے تعلق رکھنے والے اس دہشت گرد کی لاش بھی مل گئی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ بھارت نے یہ بھی دعوی کیا کہ محمد آصف ایس ایس جی کا حوالدار ہے۔ بھارتی نیوز ایجنسی نے آصف کے سروس نمبر کے ساتھ دیگر تفصیلات کے علاوہ مختلف علاقوں میں حملوں میں ملوث ہونے کا بھی بے بنیاد دعویٰ کیا ۔احمد شریف چوہدری نے بھارت کی طرف سے فالس فلیگ آپریشن میں شہید کئے گئے محمد آصف کو میڈیا کے سامنے پیش کرکے بھارت کا جھوٹ بے نقاب کردیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ محمد آصف پر بھارتی حکومت نے دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں کا الزام لگایا۔ بھارتی حکومت نے دعوی کیا کہ آصف کے دیگر تین ساتھی بھی مارے گئے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی دعوئوں کے مطابق آصف ایک ایسا سپرمین تھا جو یہ ساری کارروائیاں کرتا رہا، محمد آصف پر پہلگام سمیت مختلف کارروائیوں کابھی الزام لگایا گیا۔ انہوں نے محمد آصف عرف موسی کومیڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے کہاکہ پاک فوج کے سپاہی جس کے بارے میں بھارت پروپیگنڈا کرتا رہا وہ یہاں موجود ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں حوالدار محمد آصف کا کہنا تھا کہ میں ڈسٹرکٹ اٹک پنڈی گھیب کا رہنے والا ہوں،گزشتہ وز مجھے دوستوں کے فون آئے کہ مجھے بھارتی فورسز نے شہید کردیا ہے، انہیں سوشل میڈیا کے ذریعے اس بارے میں معلوم ہواتھا ۔آصف ے بتایاکہ شہادت کی من گھڑت خبر کے بعد انہیں فون کالز موصول ہونا شروع ہوگئیں، مجھے حیرت ہوئی کہ میں اپنے گھر میں ہوں تو مجھے کیسے بھارتی فوج نے شہیدکردیا ہے۔
محمد آصف کا کہنا تھا کہ2023میں ایس ایس جی سے ریٹائر ہوا، وطن کی خاطر بہادری سے لڑا ہوں اور آئندہ بھی وطن کی خدمت کے لیے حاضر ہوں ۔ آصف نے کہاکہ بھارت کے بے بنیاد اور من گھڑت الزام کی شدید مذمت کرتا ہوں، میں ایک سکیورٹی کمپنی میں کام کرتا ہوں، راولپنڈی میں رہائش پذیر ہوں۔ بھارت نے میرے ملک پر غلط الزام لگایا ہے۔میں زندہ ہوں، راولپنڈی میں رہتا ہوں، آپ کے سامنے ہوں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کاکہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کیلئے دہشت گرد تنظیموں کو اسپانسرکرتا ہے، بھارت کے اس فالس فلیگ ڈرامے کی 6وجوہات ہیں، پہلی چیز، ہم جانتے ہیں بھارت دنیا میں دہشت گردی پھیلانے والا سب سے بڑا ملک ہے، بھارت کی مکتنی باہنی، ٹی ٹی پی کو فنڈنگ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہمیں سمجھنا ہوگا کہ مقبوضہ کشمیر میں کیا ہو رہا ہے،مقبوضہ کشمیر دنیا میں سب سے بڑی جیل ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں 10لاکھ سے زائد بھارتی قابض فوج اور دیگر فورسز اہلکارتعینات ہیں۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے کے لیے بھی فوج کی اجازت لینی پڑتی ہے، بھارت سمجھتا ہے کہ ہر مسئلے کو دہشت گردی سے حل کیا جاسکتا ہے۔ بھارت کا وطیرہ ہے کہ وہ اپنی دہشت گردی کو چھپانے کیلئے دوسروں پر الزام لگاتا ہے، بھارت ایسے ڈراموں سے اپنے جرائم کی پردہ پوشی کی کوشش کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ آج کا ہندوستان انکائونٹرستان بن چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ ہمارا پالا ایک گھٹیا دشمن سے پڑا ہے، ہمارا ہمسایہ ایک گھٹیا اور کم ظرف ملک ہے۔ بھارت کیسا ملک ہے، ابھی نندن کو ایوارڈ دیا گیا کہ آپ نے اپنا جہاز گرا دیا۔ ہمارے پاس ایک ایسا ہمسایہ ہے جو سمجھتا ہے کہ ہر چیز کو جھوٹ سے سلجھایا جاسکتا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزیدکہاکہ بھارت اگرکچھ کرنا چاہتا ہے تو آجائے ہمارا ردعمل پہلے سے بہت سخت ہوگا۔ ملکی سکیورٹی پرکوئی سمجھوتا نہیں کیا جائیگا، ملکی سلامتی کے لیے جوکرنا پڑا کریں گے۔ بھارت کوئی ڈرامہ کرنا چاہتا ہے توکرکے دیکھ لے، دشمن کے ہراقدام کے لیے مکمل تیار ہیں، اگروہ کچھ کرنا چاہتے ہیں تو کریں، ہم ہمیشہ تیار ہیں۔







