چیف الیکشن کمشنر کو ملک کے عوام کبھی معاف نہیں کریں گے،ممتا بنر جی
نئی دلی: ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنر جی نے کہا ہے کہ ملک کے عوام ان لوگوں کو معاف نہیں کریں گے جنہوں نے انکی حق رائے دہی چھیننے کی کوشش کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ممتا بنرجی نے نئی دلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے لوگوں کے حقوق کو ختم کیا ہے لہذا میں انہیں کیسے معاف کرسکتی ہوں ، بلکہ میں کون ہوتی ہوں ، انہیں بھارت کے عوام معاف نہیں کریں گے۔
انہوںنے کہا کہ ترنمول کانگریس نے مغربی بنگال میں ابتدا ہی میں ”ایس آئی آر“ کی مخالف کی تھی اور کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کو مرکزی سطح پر کنٹرول کر لیا ہے۔۔ ہم عدالت گئے لیکن ہمیں انصاف نہیں ملا، ہم 100متاثرین کے ساتھ الیکشن کمیشن گئے لیکن وہاں ہماری توہین کی گئی اور چیف الیکشن کمشنر سے ملات کیلئے جانے والی ٹی ایم سی ارکان کو وہاں سے چلنے جانے کیلئے کہا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص آئین اور جمہوریت کی ذمہ داریوں کے مطابق انتخابی عمل او ر جمہوریت کی نگرانی کرتا ہے توہمیںاس پر کوئی اعتراض نہیں اور ہم اسکا احترام کرتے ہیں لیکن اگر کوئی شخص غیر قانونی کام کررہا ہے اور قانونی تحفظ کی وجہ سے عہدے پر بیٹھا ہو تو پھر سوال تو اٹھتا ہے۔
ممتا بنر جی نے مزید کہاکہ مجھے اپنے گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی جاتی ،ہمارے کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں ، میری رہائش گاہ پر کوئی سیکورٹی نہیں ہے اور روزانہ 2سے3سو شرپسند انکے گھرکے سامنے آکر اشتعال انگیز نعرے لگاتے ہیں اور ہنگامہ کرتے ہیں۔








