”آر ایس ایس”خالصتاً مردانہ بالادستی کی حامی اور آئین مخالف تنظیم ہے، راہول گاندھی
نئی دلی : کانگریس کے سابق صدر اور پارلیمنٹ کے ایوان زیرین ”لوک سبھا”میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تنظیم خالصتا ًمردانہ بالادستی کی حامی اور آئین مخالف ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق راہول گاندھی نے سماجی رابطوں کی سائٹ”ایکس ” پر لکھا کہ آرایس ایس خواتین کو مردوں کی ملکیت سمجھتی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ آرایس ایس سے وابستہ سمجھی جانے والی کئی خواتین بھی اس معاملے میں میرے موقف کی حامی ہیں ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ خوب صورت بات یہ ہے کہ ان کی اپنی کئی خواتین میرے موقف کی تائید کرتی ہے ۔
راہول گاندھی کا آر ایس ایس کے حوالے سے یہ بیان میں ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب موہن بھاگوت(سربراہ آر ایس ایس) نے منگل کو تنظیم کے ایک پروگرام سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ اقتدار کی تبدیلی کیلئے چلائی جانے والی تحریکیں بنیادی مسائل کا حل فراہم نہیںکرتیں اور یہ تحریکیں سیاسی مفادات کی تکمیل کا ذریعہ بن سکتی ہے۔
راہول گاندھی نے بھاگوت کے اس بیان کے تناظر میں آرایس ایس کی نظریاتی سوچ اور خواتین کے بارے میں اسکے نظریے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔









