سری نگر: محکمہ ماہی پروری کے ملازمین کا تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں محکمہ ماہی پروری کے تقریباً 250 یومیہ اجرت پر کام کرنے والے اور عارضی ملازمین نے گزشتہ آٹھ ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر سری نگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
آل جموں و کشمیر فشریز ایمپلائز ایسوسی ایشن کے بینر تلے جمع ہونے والے ملازمین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے واجبات ادا نہ کیے گئے تو وہ دھرنا دیں گے۔
ڈیلی ویجرز فورم کے چیئرمین اور جموں و کشمیر ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری سجاد احمد پرے نے بتایا کہ ڈائریکٹر فشریز کشمیر کے پاس فنڈز موجود ہیں، لیکن اس کے باوجود ملازمین کی تنخواہیں جاری نہیں کی جا رہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماہانہ تقریباً 9 ہزار روپے کمانے والے یہ ملازمین آٹھ ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث اپنے خاندانوں کا پیٹ پالنے میں شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
سجاد احمد پرے نے کہا، ’’جس شخص کو آٹھ ماہ سے تنخواہ نہ ملی ہو اور جس کی ماہانہ آمدنی صرف 9 ہزار روپے ہو، وہ اپنا گزر بسر کیسے کر سکتا ہے؟‘‘
انہوں نے کہا کہ تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر نے ملازمین کے خاندانوں کو شدید مالی بحران سے دوچار کر دیا ہے۔
سجاد احمد پرے نے کہا کہ اگر تنخواہیں جاری نہ کی گئیں تو تمام 250 ملازمین محکمہ کے دفتر کے باہر دھرنا دیں گے۔ انہوں نے حکام سے اپیل کی کہ وہ رکی ہوئی تنخواہوں کی فوری ادائیگی یقینی بنائیں۔
ایسوسی ایشن نے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے اور عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کے لیے لائحہ عمل وضع کرنے کا مطالبہ بھی دہرایا۔ ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے اس مسئلے پر بات چیت کے لیے دی گئی مہلت ختم ہو چکی ہے اور اب ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
فشریز ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر محمد اشرف گنائی نے کہا کہ ملازمین کئی برسوں سے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اور محکمہ کی قیادت میں تبدیلیوں کے باوجود انہیں تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے مسئلے سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔






