بیج بہاڑہ قتل عام :مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز کے بدترین جرائم میں سے ایک
50سے زائد شہداءکے لواحقین ایک طویل عرصہ گزرنے کے باوجود تاحال انصاف کے منتظر
سری نگر: مظلوم کشمیری آج ضلع اسلام آباد کے علاقے بیج بہاڑہ میں ہونے والے اس قتلِ عام کی 33 ویں برسی منا رہے ہیں، جو بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کی خونریز تاریخ میں بھارتی فورسز کے بدترین جنگی جرائم میں سے ایک ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 22 اکتوبر 1993 کو بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی 74 ویں بٹالین کے اہلکاروں نے اسلام آباد ضلع کے علاقے بجبہاڑہ میں پرامن مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کر دی تھی۔ یہ مظاہرین سری نگر میں حضرت بل درگاہ کے فوجی محاصرے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔
اس واقعے میں 50 سے زائد شہری، جن میں زیادہ تر طلباءاور نوجوان شامل تھے، موقع پر ہی شہید جبکہ درجنوں دیگر زخمی ہوئے۔
ان نوجوان طلبامیں سے بہت سوں کے خواب تھے کہ وہ بڑے ہو کر طبی شعبے (میڈیکل پروفیشن) میں جائیں گے، لیکن بھارتی قبضے نے اس سے پہلے ہی ان کی زندگیاں چھین لیں۔
شہید ہونےو الوں میں کچھ کے نام یہ ہیں۔افروز احمد زرگر (12 سال): اس قتلِ عام کا سب سے کم عمر لڑکا، جو پانچویں جماعت کا طالب علم تھا۔شیخ شبیر احمد (17 سال)،شبیر احمد شاہ (18 سال)، مختار احمد گنائی (18 سال)،محمد اقبال گنائی (17 سال)،ریاض احمد گاٹو (15 سال)،مشتاق احمد گنائی (18 سال)،محمد شفیع وگے (18 سال)،محمد اشرف زرگر (14 سال)،الطاف حسین شیخ (15 سال)،عبدالرشید وید (17 سال)،جاوید احمد وازہ (18 سال)
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ انہیں 17 سالہ ارشد حسین ٹاک بخوبی یاد ہیں، جنہیں وہ ایک طویل عرصے سے جانتے تھے۔ وہ بھی ڈاکٹر بننا چاہتا تھا۔ قتلِ عام سے کئی ماہ قبل ارشد نے اس وقت کے ایک عوامی پارک کی کنکریٹ کی دیوار پر اپنا نام کندہ کیا تھا، جسے بعد ازاں شہداء کے قبرستان میں تبدیل کر دیا گیا۔ ارشد کو اپنے پسندیدہ پارک کے احاطے میں ہی جگہ مل گئی، کئی سال بعدارشد کے والد جو خود بھی ایک ڈاکٹر تھے کو بھی بھارتی فوج کی سرپرستی میں کام کرنے والے مسلح گروہ کے کارندوں نے بے دردی سے قتل کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کی ایک رپورٹ کے مطابق، بجبہاڑہ کا قتلِ عام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے گھناو¿نے ترین جرائم میں سے ایک۔ واقعے کو 33 برس بیت چکے ہیں، مگر بجبہاڑہ کے شہداءکے لواحقین آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بجبہاڑہ میں بہائے گئے بیگناہ لوگوں کے خون کی یادیں کشمیریوں کے ذہنوں میں آج بھی تازہ ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی تاریخ بجبہاڑہ جیسے کئی دیگر قتلِ عام کے واقعات سے بھری پڑی ہے۔
بھارتی افواج نے مقبوضہ علاقے میں 50 سے زائد قتلِ عام کیے ہیں، جن میں سوپور، سری نگر (مگرمَل باغ)، گاو¿ کدل، عالمگیر بازار، ہندواڑہ، کپواڑہ، بومئی سوپور، دودھی پورہ، زکورہ، ٹنگپورہ، شوپیاں،اور چٹی سنگھ پورہ کے واقعات شامل ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ بی جے پی حکومت بجبہاڑہ جیسے مزید قتلِ عام کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی برادری کو کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ہونے والے تمام قتلِ عام کے تمام واقعات کی تحقیقات کے لیے فوری کاررروائی کرنی چاہیے۔
رپورٹ میں کہا کہ بھارت نے کالے قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کے ذریعے اپنی فورسز کو کشمیری مردوں، عورتوں اور بچوں کو بے دردی سے گولیوں کا نشانہ بنانے کی کھلی چھٹی دے رکھی ۔ علاقے میں اب تک قتل عام کے بیسیوں واقعات پیش آچکے ہیں لیکن آج تک کسی بھی مجرم اہلکار کو سزا نہیں دی گئی اور وہ آزادانہ گھوم رہے ہیں جبکہ متاثرہ خاندان انصاف کے حصول کیلئے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔
بھارت مجرم اہلکاروںکو سزا دینے کے بجائے انعامات اور ترقیوں سے نوازتا ہے۔۔
کے ایم ایس رپورٹ میں کہا کہ جنوری 1989 سے اب تک بھارتی فوجیوں نے 96ہزار 5سو 14 کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔
ہیومن رائٹس واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل جیسی بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں نے بیج بہاڑہ میں ہونے والے قتلِ عام کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے اس واقعے کو دستاویزی شکل بھی دی ہے ۔’ہیومن رائٹس واچ نے عینی شاہدین کے دل دہلا دینے والے بیانات قلمبند کیے ہیں، جن میں بتایا گیا ہے کہ بارڈر سیکیورٹی فورس نے سری نگر-جموں شاہراہ کے ایک تنگ حصے کو بند کر دیا اور بغیر کسی انتباہ کے ایک بڑے پرامن ہجوم پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ یہ سلسلہ تقریباً دس منٹ تک جاری رہا جس کے نتیجے میں سڑک خون سے لت پت ہو گئی۔
‘ایمنسٹی انٹرنیشنل’ نے اپنی تحقیقات میں بتایا ہے کہ فائرنگ سے کم از کم 51 افراد شہید اور 200 سے زائد زخمی ہوئے (جبکہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 43 بتائی گئی تھی)۔ انسانی حقوق کے گروپوں نے نشاندہی کی ہے کہ شہید ہونے والوں میں اکثریت طلباءاور نوجوانوں کی تھی۔
بین الاقوامی مبصرین نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اس وحشیانہ واقعے کے فوراً بعد، بھارتی حکومت نے مقامی اور بین الاقوامی میڈیا پر بلیک آو¿ٹ نافذ کر دیا، طاقت کا استعمال کرتے ہوئے صحافیوں کو قصبے کے پرانے حصے میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل ، ورلڈ مسلم کانگریس اور ایمنسٹی انٹرنیشنل جیسی تنظیمیں آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ جیسے کالے قوانین کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ قوانین شہری عدالتوں میں سیکیورٹی اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کو فعال طور پر روکتے ہیں اور ماورائے عدالت قتل کے مرتکب افراد کو عدالتی کارروائی سے بچاتے ہیں۔
2018 اور 2019 میں شائع ہونے والی ”او ایچ سی ایچ آر“کی رپورٹوں میں بھی بھارتی فورسز کے ذریعہ غیر قانونی ہلاکتوں کی تفصیل دی گئی ہے اور کالے قانون آرمڈ فورسز اپیل پاورز ایکٹ کے تحت استثنیٰ کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
مبصرین نے کہا کہ 2019 میںدفعہ 370 اور 35A کی غیر قانونی منسوخی کے بعد بھی ماورائے عدالت قتل، جعلی مقالبے اور دوران حراست ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، جب کہ احتساب اور انصاف کے مطالبات حل نہیں ہوئے۔
مبصرین نوٹ کرتے ہیں کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت اسی جابرانہ پالیسی پر عمل پیرا ہے، جس نے علاقے پر اپنے غیر قانونی قبضہ کو مضبوط کرنے کے لیے بجبہاڑہ طرز کی کارروائیوں کا اہتمام کیا ہے۔ انسانی حقوق کے محافظوں نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ اس قتل عام کی تحقیقات کرائے اور ان گھناو¿نے جرائم کے مرتکب اہلکاروںکو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔
کشمیری عوام کئی دہائیوں کی خونریزی اور جبر کے باوجود بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں، انہیں یقین ہے کہ آخرکار انصاف اور آزادی کی ہی فتح ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز کی 74 ویں بٹالین کے جو اہلکار بیج بہاڑہ اندھا دھند فائرنگ میں ملوث تھے ان میں کچھ کے نام ملہار سنگھ ،نند کشور،خیرال حسین ،ایچ بی جے راما،شیو مورتیاپا ،روی کمار ،کلونت سنگھ ،بھوپ سنگھ ،ستیسن ٹی آر ،پریم سنگھ ہیں۔






