بھارتی فضائیہ کے سربراہ آپریشن سندور کی ناکامی پر پردہ ڈالنے کے لیے اپنے عوام کو خیالی کہانیاں سنا رہے ہیں: تجزیہ کار
اسلام آباد:دفاعی تجزیہ کاروں نے بھارتی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے کہ آپریشن سندور کے دوران کوئی ہدف بھارتی فضائیہ کی دسترس سے باہر نہیں تھا۔
ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ 31اکتوبر کو ریٹائر ہونے والے ہیں۔ انہوں نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ آپریشن سندور نے ثابت کیا کہ کوئی ہدف بھارتی فضائیہ کی دسترس سے باہر نہیں۔ انہوں نے فضائی طاقت کو بھارتی دفاع کابنیادی ذمہ دار قرار دیا۔تاہم تجزیہ کاروں نے اس بیان کو محض خیالی دعویٰ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن سندور نے بھارتی برتری کے بجائے اس کی بلندو بانگ دعووں کی حدود واضح کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں اور خواتین کی ہلاکتوں کا باعث بننے والے کمزور اہداف پر حملے کیے گئے۔
مبصرین نے کہاکہ دوسری جانب پاکستان کے جے10سی لڑاکا طیاروں، پی ایل15میزائلوں اور فضائی دفاعی نظام نے بھارت کو محتاط رہنے پر مجبور کیا۔تجزیہ کاروں نے کہا کہ بھارتی فضائیہ کے اسکواڈرنز کی تعداد مطلوبہ 42 کے مقابلے میں صرف 29 سے 31ہے۔ اس کے پاس تقریبا 600 جنگی طیارے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستانی فضائیہ نے اپنی صلاحیتوں کو جدیدخطوط پر استوارکیا، بھارتی فضائیہ کا مقابلہ کیا اور رافیل سمیت کئی بھارتی طیارے مار گرائے۔ اس کے نتیجے میں بھارت کشیدگی کم کرنے پر مجبور ہوا۔انہوں نے کہا کہ مئی کی جھڑپوں کے دوران رافیل سمیت جدید بھارتی جنگی طیاروں کا مار گرایا جانا بھارتی فضائیہ کے سربراہ کے بے پناہ برتری کے دعووں کی نفی کرتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق تصادم کو محدود رکھنے میں بھارتی فضائیہ کا نہیں بلکہ ایٹمی ہتھیاروں کی موجودگی کا کردار تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ نقصانات اور طیارہ گرانے کے واقعات کو چھپاتے ہوئے محدود حملوں پر فخر کرنا طاقت نہیں، بلکہ پروپیگنڈا ہے۔بھارتی فوجی حکام نے خود بھی اعتراف کیا تھا کہ بھاری نقصانات کے بعد بھارتی فضائیہ دو دن تک کارروائیاں نہیں کر سکی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اعتراف اس دعوے کی حقیقت واضح کرتا ہے کہ کوئی ہدف بھارتی فضائیہ کی دسترس سے باہر نہیں۔مبصرین نے کہا کہ پاکستان کا عزم اور دفاعی صلاحیت برقرار ہے۔ ان کے مطابق بھارتی فضائیہ کے سربراہ آپریشن سندور کی ناکامی پر پردہ ڈالنے کے لیے اپنے ملک کے عوام کو خیالی کہانیاں سنا رہے ہیں۔







