یومِ سیاہ کے موقع پر میرپور میں جموں و کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف ریلی
میرپور: یومِ سیاہ کے موقع پر جموں و کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف میرپور میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے زیرِ اہتمام کچہری سے چوک شہیداں تک ریلی نکالی گئی، جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
مقررین نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء ریاست جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ اس روز بھارت نے جموں و کشمیر میں فوجیں داخل کرکے اس پر قبضہ کیا، جس کے بعد سے ریاست کے عوام اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
مقررین نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام نے گزشتہ 78 برسوں کے دوران بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور اس تنازعے کے باعث لاکھوں کشمیریوں کی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی توجہ تنازعہ جموں و کشمیر کے حل کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادیں موجود ہونے کے باوجود آج تک کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت نہیں مل سکا۔
مقررین نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اپنی منظور کردہ قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے مؤثر اقدامات کرے تاکہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق مل سکے۔ انہوں نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعے کے حل کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
ریلی میں دیگر شرکا کے علاوہ حریت رہنماؤں قاضی محمد عمران، شیخ عبدالماجد، اشرف ڈار اور محمود اختر قریشی ایڈووکیٹ، ڈپٹی کمشنر میرپور عمران عباس نقوی، صدر بار ایسوسی ایشن میرپور بابر علی خان اور مہاجرین کے نمائندگان ظہیر احمد جرال، خواجہ ایاز، چوہدری عبدالماجد، عبدالرشید بٹ، قاری مطلوب، فیاض نوابی اور حافظ طالب نے بھی شرکت کی۔





