مقبوضہ جموں و کشمیر

امرناتھ یاترا کے راستے کا بیشتر حصہ زمین کھسکنے ،لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات سے دوچار: تحقیق میں انکشاف

پہاڑی تودے یا زمین کھسکنے کے واقعات ہندو یاترا کے دوران بڑے حادثات کا سبب بن سکتے ہیں

سرینگر: غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ہندو امرناتھ یاترا کے راستے کا بیشتر حصہ زمین کھسکنے اور لینڈسلائیڈنگ کے خطرات سے دوچارہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایک بین الاقوامی تحقیقی جریدے سائنٹفک رپورٹس میں شائع ہونے والی نئی تحقیق میں انکشاف کیاگیاہے کہ مقبوضہ کشمیر ہمالیہ کا ایک بڑا حصہ پہاڑی تودے کھسکنے کے خطرے سے دوچار ہے۔ ”کشمیر ہمالیہ میں امرناتھ یاترا کے راستے پر لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات اور ان پر ارضیاتی و موسمیاتی عوامل کے اثرات”کے عنوان سے تحقیق میں خبردار کیاگیاہے کہ ہندو امرناتھ یاترا کے راستے کا 16.2فیصد حصہ شدید خطرے کی زد میں ہے جبکہ 68.1فیصد حصے میں درمیانے درجے کا خطرہ موجود ہے۔ صرف 15.7فیصد علاقے کو کم خطرے والا قرار دیا گیا ہے۔
محققین نے خبردار کیا ہے کہ اگر حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے تو شدید بارش اور پہاڑی تودے گرنے یا زمین کھسکنے کے واقعات یاترا کے دوران بڑے حادثات کا سبب بن سکتے ہیں۔ تحقیق میں بال تل، امرناتھ غار، پنجترنی اور پوش پتھری پر مشتمل راستے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔
تحقیق کے نتائج ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب گزشتہ چند برسوں کے دوران امرناتھ یاترا میں شرکت کرنے والے ہندو یاتریوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2022میں تقریبا 3 لاکھ60ہزار، 2023میں 4 لاکھ 45ہزاراور 2024میں 5 لاکھ12ہزار سے زائد یاتریوں نے امرناتھ یاترا کی۔ 2025 میں تقریبا 4 لاکھ14ہزار جبکہ رواں سال ساڑھے4لاکھ سے زائد یاتری امرناتھ غار گئے ۔تحقیق میں ماہرین نے یاترا کے راستے پر لینڈ سلائیڈنگ کے 49واقعات کی نشاندہی بھی کی ہے۔ ان میں تودیگرنے کے 28، چٹانیں کھسکنے کے 15واقعات جبکہ زمین سرکنے ،چٹان الٹنے اور کھسکنے کے 6واقعات شامل ہیں ۔
تحقیق کے مطابق ان واقعات میں سے 35 یعنی 71.4 فیصد ایسے علاقوں میں پیش آئے جنہیں لینڈ سلائیڈنگ کے شدید خطرے والا قرار دیا گیا تھا۔ مزید 10واقعات درمیانے درجے کے خطرے والے علاقوں میں جبکہ چار واقعات کم خطرے والے علاقوں میں ریکارڈ کیے گئے۔
محققین نے اس تحقیق کیلئے 18مختلف عوامل کا جائزہ لیا، جن میں پہاڑوں کی ڈھلوان، بلندی، ارضیاتی ساخت، نکاسی آب، زمین پر موجود نباتات، مٹی کی خصوصیات اور سڑکوں سے قربت شامل ہیں۔اس مقصد کے لیے 1:10,000 کے پیمانے پر تفصیلی ارضیاتی نقشے تیار کیے گئے اور سیٹلائٹ تصاویر، زمینی سروے، جیو ٹیکنیکل جانچ اور موسمیاتی ریکارڈ کو یکجا کرکے تجزیہ کیا گیا۔تحقیق میں استعمال کیے گئے ماڈل نے تربیتی جائزے میں 0.80اور آزادانہ توثیق میں 0.86کا اسکور حاصل کیا، جو اس کی پیش گوئی کرنے کی بہتر صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔
محققین کے مطابق جولائی اور اگست کے مہینوں میں، جب ہندوامرناتھ یاترا عروج پر ہوتی ہے، موسلا دھار بارش پہاڑی ڈھلوانوں کو غیر مستحکم کرنے کی بڑی وجہ بنتی ہے۔تحقیق کے مطابق ان مہینوں میں علاقے میں برف کی سطح بہت کم رہ جاتی ہے۔ جولائی میں برف سے ڈھکا علاقہ تقریبا 6فیصد جبکہ اگست میں محض 0.4فیصد رہ جاتا ہے۔ ایسے میں برف پگھلنے کے بجائے مون سون کی شدید بارشیں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید بارش کا پانی گیلی مٹی، کمزور چٹانوں اور پہلے سے نم ڈھلوانوں میں تیزی سے داخل ہوتا ہے۔ اس سے زمین کے اندر پانی کا دبائو بڑھ جاتا ہے اور مٹی ا ور چٹانوں کو آپس میں جوڑ کر رکھنے والی مضبوطی کمزور پڑ جاتی ہے۔ جسکے نتیجے میں تودے گرنے، چٹانیں کھسکنے اور اچانک سیلاب جیسے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔تحقیق میں بالتل وادی میں 1994سے 2024 کے درمیان ایک دن میں 45ملی میٹر سے زیادہ بارش کے 54ا واقعات کی نشاندہی بھی کی گئی۔ تحقیق میں 8جولائی 2022 کو بالتل میں تباہ کن بادل پھٹنے کے واقعے کا بھی ذکر موجود ہے، جس میں کئی لوگ ہلاک اور یاترا کے راستے پر پہلے سے موجود لینڈ سلائیڈنگ کے مقامات دوبارہ متحرک ہوگئے تھے۔
تحقیق کے مطابق امرناتھ یاترا کا راستہ ارضیاتی اعتبار سے کمزور اور پیچیدہ چٹانی ساختوں پر مشتمل ہے۔ یہاں فائلائٹ، شِسٹ، چونا پتھر اور دیگر چٹانی تہیں موجود ہیں۔ ان میں دراڑیں، شگاف اور فالٹ زون ہونے کی وجہ سے کئی پہاڑی ڈھلوانیں آسانی سے کھسک سکتی ہیں۔اس علاقے میں موجود مین سینٹرل تھرسٹ نامی اہم ارضیاتی ساخت بھی چٹانوں میں تبدیلی اور عدم استحکام کا سبب بنتی ہے۔تحقیق میں ایک اور اہم انکشاف یہ کیا گیا ہے کہ تقریبا 60 سے 70 فیصد لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات سڑکوں یا دیگر تعمیراتی سرگرمیوں سے 50 میٹر کے دائرے میں پیش آئے۔
محققین کے مطابق سڑکوں کی توسیع، پہاڑوں کی کٹائی، کھدائی اور تعمیراتی سرگرمیاں پہلے سے کمزور پہاڑی ڈھلوانوں کو مزید غیر مستحکم کر سکتی ہیں۔ خاص طور پر جب ان سرگرمیوں کے ساتھ شدید بارش بھی ہو تو لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔
تحقیق میں موسمیاتی تبدیلیوں اور درجہ حرارت میں اضافے کے رجحان کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ پہلگام میں 1980سے 2024تک کے ریکارڈ کے مطابق علاقے کے اوسط سالانہ درجہ حرارت میں مسلسل 0.05ڈگری کااضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔ 2018میں برف سے ڈھکا سالانہ علاقہ 77.03 مربع کلومیٹر تھا، جو 2020 میں کم ہوکر صرف 24.86 مربع کلومیٹر رہ گیا۔
محققین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی حالات میں یہ تبدیلیاں برف جمع ہونے، اس کے پگھلنے، زمین میں نمی اور پانی کے بہا ئوکو متاثر کر سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں پہاڑی ڈھلوانوں کا استحکام بھی متاثر ہوتا ہے۔محققین نے امرناتھ یاترا کے راستے کو محفوظ بنانے کے لیے متعدداہم اقدامات بھی تجویز کیے ہیں۔یہ تحقیق بھارت اور جاپان کے چھ محققین نے مشترکہ طور پر تیار کی ہے، جن کا تعلق جیولوجیکل سروے آف انڈیا، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہائیڈرولوجی، آئی آئی ایس ای آر موہالی اور ہیروشیما یونیورسٹی سمیت مختلف اداروں سے ہے۔ تحقیق کی سربراہی اور ابتدائی مسودے کی تیاری ریاض احمد میر نے کی جبکہ دیگر محققین نے تحقیق، تجزیے اور تدوین میں حصہ لیا۔ تحقیق کے رابطہ کار مصنف محمد عمر شریف کا تعلق ہیروشیما یونیورسٹی سے ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button