سرینگر، کولگام، کشتواڑ سمیت مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پر تلاشی کی کارروائیاں
پوری وادی کشمیرمیں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں اورکشمیریوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری
سرینگر:غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی قابض افواج نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں، چھاپوں کاسلسلہ مزید تیز کر دیا ہے۔کشمیریوں کی نقل و حرکت پر سخت پابندیاں عائد ہیں اور ان کی سخت نگرانی کی جارہی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، بدھ کے روز کولگام میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس پر حملے اور کشتواڑ میں اسپیشل آپریشنز گروپ کے دو اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد، سرینگر، کولگام، اسلام آباد، پلوامہ، شوپیاں اور کشتواڑ اضلاع اورشاہراہوں پر بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔بھارتی فوج نے پورے جنوبی کشمیر میں بڑے پیمانے پر تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں، جبکہ کئی مقامات پر اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔
سرینگر-جموں شاہراہ اور اس سے ملحقہ سڑکوں پر رکاوٹوں کو مزید مضبوط کر دیا گیا ہے اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جارہی ہے۔ اضافی تلاشی مراکز اور چیک پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، جہاں بھارتی فوجی انتہائی چوکس ہیں اور چوبیس گھنٹے گشت کر رہے ہیں۔
محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کی آڑ میں، بھارتی قابض فوج کشمیری مرد و خواتین کو ہراساں اور خوفزدہ کر رہی ہیں اور انکی آزادنہ نقل و حرکت پر پابندیاں عائد ہے ۔ایک بھارتی عہدیدار کے مطابق،مبینہ حملہ آوروں کی تلاش کیلئے ضلع کشتواڑمیں ‘کیار اور ‘دھرنا-مروہ کی طرف جانے والے راستوں پر ایک آپریشن جاری ہے۔ گھنے جنگلات اور دشوار گزار علاقے کی وجہ سے بھارتی فوج کوشدید مشکلات کاسامناہے ۔بھارتی فوج علاقے کی نگرانی کے لیے ڈرونز استعمال کر رہی ہے جبکہ سراغ رساں کتوں کی بھی مدد حاصل ہے۔ کشتواڑ کے دور دراز اور جنگل کے علاقوں میں بھی تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔
ادھربھارتی قابض حکام کے مطابق ضلع پونچھ کے علاقے مینڈھر کے بالاکوٹ سیکٹر میں تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران بھارتی فوج کوایک زنگ آلود بارودی سرنگ ملی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں تشویش کا اظہار کرتی ہیں۔انسانی حقوق کی تنظیموں نے مقبوضہ علاقے میں مبینہ طور پر ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں، دوران حراست گمشدگیوں اور بھارتی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوںسخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔
لاکھوں کی تعداد میں قابض فوجیوں کی تعیناتی، بار بارمحاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور شہریوں کی نقل و حرکت پر پابندیوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں خدشات کو مزید بڑھادیا ہے۔ آرمڈ فورسزاسپیشل پاورز ایکٹ جیسے کالے قوانین جن کے تحت فوجیوں کو کشمیریوں کے قتل عام اور انسانی حقوق کی دیگر پامالیوں کی کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے طویل عرصے سے فوجیوں کو حاصل اس استثنیٰ پر تنقید کی جا رہی ہے۔ کالے قوانین کا بے دریغ استعمال اوربڑے پیمانے پر فوجیوں کی تعیناتی نہ صرف انسداد بغاوت کے نام پر کی جا رہی ہے بلکہ سیاسی اختلاف رائے کو دبانے اور اپنے بنیادی سیاسی حقوق بشمول حق خودارادیت اور آزادی کا مطالبہ کرنے پر کشمیریوں کو جبری خاموش کرنے کیلئے بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔
کشمیریوں کو طویل عسکریت پسندی، نگرانی اور بنیادی آزادیوں پر پابندیوںکا مسلسل سامنا ہے۔ انسانی حقوق کی پامالیوں پر جوابدہی کو یقینی بنانا، شہریوں کو ہراساں کرنے اورجبری گرفتاریوں کی روک تھام اور کشمیری عوام کی سیاسی امنگوں اور بنیادی حقوق کا احترام کرنا مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لیے ناگزیر ہیں۔KMS-






