مقبوضہ کشمیر:بھارتی پولیس نے ممتاز صحافی فہد شاہ کو گرفتار کرلیا
سرینگر 04 فروری (کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی پولیس نے معروف صحافی اور ویب پورٹل کشمیر والا کے ایڈیٹر فہد شاہ کو آج سوشل میڈیا پر بھارت مخالف مواد اپ لوڈ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
پولیس کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ پولیس کو یہ بات معلوم ہوئی تھی کہ فیس بک کے کچھ صارفین اور پورٹلز عوام میں خوف پیدا کرنے کیلئے بھارت مخالف تصاویر، ویڈیوز اور دیگرپوسٹیں اپ لوڈ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیس بک کے یہ صارفین ایسی پوسٹس اپ لوڈ کر رہے ہیں جو مجاہدین کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کا باعث بن رہی ہیں اور ان سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی شبیہ کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ بھارت مخالف جذبات بھڑک رہے ہیں ۔پولیس ترجمان نے کہا کہ تفتیش کے دوران، فہد شاہ کے نام سے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم پولیس ریمانڈ پر ہے اور اس سے تفتیش کی جاری ہے۔