بھارتی فوجی بے گناہ کشمیریوں کو مسلسل قتل کر رہے ہیں، رپورٹ
اسلام آباد 11 مارچ (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجی محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں اور جعلی مقابلوں کے دوران بے گناہ لوگوں بالخصوص نوجوانوں کو مسلسل قتل کر رہے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قابض بھارتی فوجیوں نے جمعرات کو پلوامہ اور سری نگر کے اضلاع میں پرتشدد آپریشنوں کے دوران مزید تین نوجوانوں کو شہید کیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں گزشتہ 32 برس کے دوران 95ہزار 9سو 80 سے زائد افراد بھارتی گولیوں کا نشانہ بنے ہیں اور کشمیریوں کا روزانہ قتل علاقے میں بھارتی جبر و استبداد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بیگناہ کشمیری نوجوانوں کا ماورائے عدالت قتل مقبوضہ علاقے میں روز کا معاملہ بن گیا ہے ۔کے ایم ایس رپورٹ میں کہا گیا کہ کشمیریوں کی زندگیاں قابض بھارتی فوجیوں کے رحم و کرم پر ہیں اور وہ سات دہائیوں سے زیادہ عرصے سے تنازعہ کشمیر کی قیمت برداشت کر رہے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی کی زیرقیادت فسطائی بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں ظلم و ستم کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں تاہم وہ بے دریغ قتل اور دیگر جابرانہ اقدامات سے جذبہ آزادی سے سرشار کشمیریوں کو کسی صورت مرعوب نہیں کر سکتی ۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت کی شکست نوشتہ دیوار ہے اور وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ علاقے کے عوام آزادی کی صبح دیکھیں گے۔