مقبوضہ جموں و کشمیر
مقبوضہ جموں وکشمیر: پولیس نے مسلم لیگ کے کارکن پیر عطااللہ کو گرفتار کرلیا
سرینگر27 اگست (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پولیس نے کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموں وکشمیرمسلم لیگ کے کارکن پیر عطا اللہ شاہ کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کر لیا ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس اہلکاروں نے ہندواڑہ کے علاقے میں پیر عطااللہ کے گھر پر چھاپے کے دوران گھریلو اشیا ءکی توڑ پھوڑ کی اور انکا موبائل فون بھی ضبط کر لیا۔ گرفتار ی کے بعد انہیں ہندواڑہ تھانے میں منتقل کیا گیا۔
مسلم لیگ جموں وکشمیر کے ترجمان نے ایک بیان میں پارٹی کارکن کے گھر پر چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پیر عطا اللہ شاہ جسمانی طور پر معذور ہیں لیکن اسکے باوجود انہیں گرفتار کیا گیا۔ ترجمان نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بھارتی پولیس کی طرف سے کشمیری سیاسی کارکنوں کی گرفتار ی کا نوٹس لیں ۔