بھارت: مکیش امبانی کو بیوی ، بچوں سمیت جان سے مارنے کی دھمکی
ممبئی 05 اکتوبر (کے ایم ایس) بھارتی ریاست مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی میں ریلائنس فاونڈیشن ہسپتال کو آج(بدھ) ایک نامعلوم نمبر سے کال کی گئی جس میں اسپتال کو بم سے اڑانے کے علاوہ ریلائنس انڈسٹریز لمیٹیڈ کے چیئرمین اور مینیجنگ ڈائریکٹر مکیش امبانی، ان کی اہلیہ نیتا امبانی اوران کے بچوں آکاش امبانی اور اننت امبانی کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ اس نمبر کی شناخت اورکا ل کی لوکیشن ٹریس کر لی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلائنس فاونڈیشن ہسپتال کے لینڈ لائن نمبر پر آج دن 12بجکر کو57منٹ پر ایک نامعلوم نمبر سے کال آئی تھی جس میں کالر نے ریلائنس انڈسٹریز لمیٹیڈ کے چیئرمین اور مینیجنگ ڈائریکٹر مکیش امبانی، ان کی اہلیہ نیتا امبانی کے علاوہ دونوں بیٹوں آکاش اور اننتا امبانی کو جان سے مارنے کی دھمکی دی ہے۔ فون کرنے والے نے ہسپتال کو بھی اڑانے کی بھی دھمکی دی ہے۔
قبل ازیں 15 اگست کو بھی ریلائنس فاونڈیشن اسپتال میں اسی طرح کا فون آیا تھا جبکہ گزشتہ برس مکیش امبانی کے ممبئی میں واقع گھر کے باہر ایک مشتبہ کارکھڑی نظر آئی تھی جس میں سے 20 دھماکہ خیز جلیٹن راڈ اور ایک دھمکی آمیز خط ملا تھا۔