مودی کو ملک کی سرحدوں سے زیادہ اپنی مصنوعی شبیہ کی فکر ہے ، کانگریس
نئی دلی 13اکتوبر (کے ایم ایس )
انڈین نیشنل کانگریس نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پرکڑی تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ انہیں بھارت کی سرحدوں کی جغرافیائی سا لمیت سے کہیں زیادہ اپنی ”مصنوعی شبیہ ”کی فکر ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانگریس کے رہنماء راہل گاندھی نے مودی پر طنز کرتے ہوئے کہاکہ وہ چین کواپنی ‘سرخ آنکھیں’ کیوں نہیں دکھاتے۔انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ چین اور بھارت کے درمیان کمانڈر کی سطح کے مذاکرات کے 13ویں دور کے بعد بھی چین پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں تو آپ چین کو اپنی ‘ سرخ آنکھیں ‘کیوں نہیں دکھاتے؟ کانگریس پارٹی کے ترجمان نے بھی ایک پریس کانفرنس میں کہاہے کہ بھارت جیسے ملک کا وزیر اعظم ایک کمزور شخص ہے جو چین کا نام لینے کو بھی تیار نہیں۔انہوں نے نئی دلی میں میڈیا کو بتایاکہ مودی کو بھارت کی سرحدوں کی جغرافیائی سالمیت سے کہیں زیادہ اپنی مصنوعی شبیہ کی فکر ہے جو انہوں نے اپنے بارے میں بنائی ہے ۔