مقبوضہ جموں و کشمیر
مقبوضہ کشمیر میں پوسٹر چسپاں ، لوگوں سے بھارتی قبضے کے خلاف زور و شور سے کھڑے ہونے کی اپیل
سرینگر15اکتوبر (کے ایم ایس )
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پوسٹر چسپا ں کیے گئے ہیں جن میں بہادر کشمیریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے مادر وطن پر جاری غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف یک زبان ہو کر کھڑے ہوں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں و کشمیر سٹوڈنٹس اینڈ یوتھ فورم کی طرف سے پورے مقبوضہ علاقے میں چسپاں کیے جانے والے پوسٹروں میں درج عبارت میںمحکوم کشمیریوں کی بہادری اور عزم وہمت کی تعریف کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا گیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ لوگ بھارت کے خلاف پور ے زور و شور کیساتھ اٹھ کھڑے ہوں اور اپنی نوآبادیاتی غلامی کے خاتمے اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اپنے پیدائشی حق ، حق خود ارادیت کامطالبہ کریں۔پوسٹروں میں آزادی کی حق پر مبنی جدوجہد کو عزم وہمت کے ساتھ جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔