مقبوضہ جموں و کشمیر

تنازعہ کشمیر کو اجاگر کرنے پرصدر آصف علی زرداری کی تعریف

مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری جدوجہد تحریک پاکستان کا تسلسل ہے

1سرینگر:  غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے یوم پاکستان کے موقع پر اسلام آباد کے پریڈ گرائونڈ میںخطاب کے دوران جدوجہدآزادی میں مصروف کشمیریوں کی حمایت کرنے اور علاقائی امن پر حل طلب تنازعہ کشمیرکے اثرات کو اجاگر کرنے پر پاکستان کے صدر آصف علی زرداری کاشکریہ ادا کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ جموں و کشمیر پر بھارت کاغیر قانونی قبضہ جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کی بڑی وجہ ہے۔ بھارتی حکام کی طرف سے معصوم اور نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان ظلم کے خلاف جدوجہد میں ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں صدر پاکستان کے بیان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کاز کی حمایت کرنے پر کشمیری عوام پاکستان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرکے لوگوں کو پختہ یقین ہے کہ حالات جیسے بھی ہوں، پاکستان انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔
سرینگر، بانڈی پورہ، ڈوڈہ اور مقبوضہ جموں وکشمیرکے دیگر علاقوں میں ایک بار پھر پوسٹر چسپاں کئے گئے جن میں آج یوم پاکستان کے موقع پرپاکستانی عوام اور حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی اور مبارکبادی کے پیغامات درج تھے۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر اور محمد فاروق رحمانی اورغلام محمد صفی سمیت دیگر رہنمائوںنے ایک مشترکہ بیان میں پاکستان کے عوام اور حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری جدوجہد تحریک پاکستان کا تسلسل ہے۔
یوم پاکستان کے موقع پرآزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں پاسبان حریت جموں وکشمیر کے زیر اہتمام ایک ریلی نکالی گئی۔
ادھرمقبوضہ جموں وکشمیرکی ہائی کورٹ نے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت چاربے گناہ کشمیریوں کی نظر بندی کو کالعدم قراردیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا حکم دیا۔ جن کشمیریوں کی نظربندی کالعدم قراردی گئی ان میں کپواڑہ کے راشد حبیب، کولگام کے عامر احمد، سرینگر کے دانش بشیر اور بڈگام کے سہیل شبیر شامل ہیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button