بھارت بڑے پیمانے پر کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے، ایمپلائیز موومنٹ
سرینگر28اگست (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ایمپلائیز موومنٹ نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کیلئے بڑے پیمانے پر کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جموںوکشمیر ایمپلائز موومنٹ کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے پوری حریت قیادت اور ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو جیلوں اور تفتیشی مراکز میں بند کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے جموںوکشمیر کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر کے کشمیریوں کے تمام حقوق سلب کر رکھے ہیں۔ ترجمان نے کشمیری شہداءکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ علاقے میں اپنے جبر و استبداد میں تیزی لائی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی فوجی محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں کے دوران بیگناہ نوجوانوں کو بے رحمانہ طریقے سے قتل، کیمیائی مواد کے ذریعے گھروں کوتباہ اور شہداءکی لاشوں کی بے حرمتی کر رہے ہیں۔ انہوںنے بھارت پر زور دیا کہ وہ کشمیرکے حوالے سے اپنی ظالمانہ پالیسی ترک کر کے کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دے۔ ترجمان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کو اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔