کشمیری مصنف مرزا وحید کامظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی
اسرائیل میں اپنے ناول پر مبنی فلم کی نمائش میں شرکت سے انکار کر دیا
لندن: لندن میں مقیم معروف کشمیری مصنف مرزا وحید نے مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیل میں منعقد ہونے والے تموز شمرون فلم فیسٹیول میں اپنے ناول ”دی کولیبریٹر ”پر مبنی کی فلم کی نمائش کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مرزاوحید نے ایک ویب سائیٹ لائبریری حب پر شائع ہونیوالے ایک بیان میں واضح کیاکہ جب تک تموز شمرون فلم فیسٹیول میں فلم کی نمائش منسوخ نہیں کی جاتی وہ فلم کی پروموشن یاکسی قسم کی تشہیر ی سرگرمی میں شرکت نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ وہ اپنے کام کو کسی ایسے پلیٹ فارم سے منسلک کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دے سکتے جس کا مقصد نہتے فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی جارحیت سے دنیا کی توجہ ہٹاناہو۔ مرزاوحید نے مزید کہا کہ یہ انکے اختیار میں نہیں ہے کہ میں اس بات کا تعین کریں کہ پروڈیوسرز اپنی فلم کی کہاں نمائش کرنا چاہتے ہیں، لیکن یہ مکمل طور پر انکا اختیار ہے کہ وہ اس بات کا انتخاب کریں کہ وہ کس تقریب میں شرکت کریں یا نہیں ۔
واضح رہے کہ چار تموز شمرون فلم فیسٹیول نو دسمبر سے مقبوضہ مغربی کنارے کی ایک اسرائیلی بستی میں منعقد ہورہا۔فیسٹیول شومرون سنیما فنڈ کے تعاون سے منعقد کیا جارہاہے ۔ ناقدین اس فنڈ کو "سیٹلر فلم فنڈ”قراردیتے ہیں ۔