راجوری : بھارتی فوج کے سکول سے کشمیری طالبعلم کی پراسرار طورپرلاش برآمد
جموں:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں راجوری میں بھارتی فوج کے ایک سکول کے ہوسٹل میں ایک 17سالہ کشمیری طالب علم عرفان احمد پراسرار طورپر مردہ پایاگیا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع کے علاقے چوہدری ناد میں واقع بھارتی فوج کے گڈ ول پبلک سکول کے ہوسٹل سے 12ویں جماعت کے طالب علم احمد کی لاش ملی ہے ۔طالب علم کی لاش اس کے گھر پہنچنے پر پورے گائوں میں چیخ و پکار مچ گئی ۔طالب علم کے اہلخانہ اور گائوں والوں کے احتجاج پر احمد کی پراسرارموت پر تھنہ منڈی پولیس اسٹیشن نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔ اہلخانہ کے مطابق احمد ایک ذہین طالب علم تھا جس نے جموں میں ایک بین ڈسٹرکٹ ریسلنگ چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ بھی جیتا تھا۔ احمد کی پراسرار موت سے فوجی سکول کے ہوسٹل میں مقیم دیگر کشمیری طلبا کے والدین کو اپنے بچوں کی سلامتی کے بارے میں تشویش لاحق ہو گئی ہے۔
ادھر بھدروہ کے علاقے گوڑی ڈنڈی سے بھی ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے ۔