سرینگر جموں شاہراہ پر مسافسر گاڑیوں ، ایمبولینسوں کی آمد و رفت میں خلل سے شہری مشکلات کا شکار

سری نگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں نیشنل کانفرنس (این سی) کے سینئر رہنما اور بھارتی پارلیمنٹ کے رکن آغا سید روح اللہ مہدی نے سری نگر جموں شاہراہ پر بھارتی فورسز کے قافلوں کی نقل و حرکت کے دوران مسافر گاڑیوں خاص طور پرایمبولینسوں کو روکنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق روح اللہ مہدی نے معاملے کو بھارتی پارلیمنٹ میں اٹھاتے ہوئے شہریوں کو درپیش مشکلات کو کم کرنے کے لیے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قافلوں کی نقل و حرکت کے دوران شہری ٹریفک کا بار بار روکنا عوام کے لیے خاصی پریشانی کا باعث بن رہا ہے۔انہوں نے اس معاملے کے حوالے سے بھارتی وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ کے موقف کہ بھارتی فوج قافلوں کی نقل و حرکت کے لیے ”طے شدہ طریقہ کار“ پر عمل کرتی ہے اور شہریوں کی نقل و حرکت پر قدغن نہیں لگاتی ہے، کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیادقرار دیا۔ مہدی نے ”ایکس“ پر لکھا کہ شاہراہ پر شہری ٹرانسپورٹ روکنے کے حوالے سے بھارتی وزیر مملکت برائے دفاع کا جواب جھوٹ سے بھرا ہوا ہے۔
نیشنل کانفرنس کے رہنما نے سوشل میڈیا پر وہ ویڈیو بھی شیئر کی جس میں بھارتی فوجی قافلوں کے گزرنے کے دوران شہریوں کی گاڑیوں اور ایمبولینسوں کو رکے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔







