اسلام آباد: کشمیری ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے دو روزہ تقریبات کا آغاز
پروفیسرشال مرحوم کی تصنیف ’ ’بارہمولہ سے برنہم“ کی تقریب رونمائی
اسلام آباد: وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت نے جموں و کشمیر کے شاندار ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے آج اسلام آباد میں دو روزہ تقریبات کا آغاز کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ”کشمیر جنت نظیر“ کے عنوان سے یہ تقریبات 28 دسمبر سے 29 دسمبر تک اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلزF8/1 میںمنعقد ہو رہی ہیں۔ تقریبات کا مقصد کشمیر کی شاندار ثقافت، روایات اور تاریخ کو اجاگر کرنے کیساتھ ساتھ کشمیری عوام کی جدوجہد ، امنگوں اور خطے کی خوبصورتی کو دنیا کے سامنے لانا ہے۔
آج پہلے روز تحریک آزادی کشمیر کے معروف رہنما نذیر احمد شال مرحوم کی تصنیف’ ’بارہمولہ سے برنہم“ کی تقریب رونمائی منعقد ہو ئی ۔تقریب کے مقررین میں وفاقی وزیر برائے گلگت بلتستان و کشمیر امور امیر مقام ،پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما راجہ ظفر الحق، مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر شاخ کے صدر شاہ غلام قادر، وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے وفاقی سیکرٹری محی الدین احمد وانی، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ کے کنوینر غلام محمد صفی ،سابق کنوینر محمد فاروق رحمانی، سینئر حریت رہنماشمیم شال اور شامل تھے۔
تقریب کے دیگر شرکامیں سید یوسف نسیم، الطاف حسین وانی ،ایڈووکیٹ پرویز شاہ، مشتاق احمد بٹ، محمد سلطان بٹ، گلشن احمد، شیخ عبدالمجید، میاں مظفر، عدیل وانی، راجہ شاہین، زاہد صفی، منظور احمد ڈاراور ہلال احمد اور مختلف کالجوں کے طلبا شامل تھے۔