بھارت کی ہندوتوا حکومت نے مظلوم کشمیریوں کے خلاف بھرپور جنگ چھیڑ رکھی ہے:حریت کانفرنس

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خودارادیت کے حصول کے لیے پرامن جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کی آواز کو دبانے کے لیے بھارتی حکومت کی طرف سے فوجی اور فرقہ وارانہ ہتھکنڈوں کے استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت میں بی جے پی کی زیر قیادت ہندوتوا حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے خلاف بھرپور جنگ چھیڑ رکھی ہے۔ترجمان نے کہا کہ نوجوانوں کی گرفتاریوں اور املاک کی ضبطی سمیت بھارت کی تمام غیر انسانی اور پرتشدد کارروائیاں کشمیری عوام کو اپنی جائرجدوجہد آزادی سے روک نہیں سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت ایک بنیادی انسانی حق ہے اور کشمیری اس ناقابل تنسیخ حق کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اس سے بھی بدتر سلوک کر رہی ہے جو اسرائیل فلسطینیوں کے ساتھ کر رہا ہے۔ انہوں نے بھارت کے سفاکانہ عزائم کو ناکام بنانے اورعلاقے میں کشمیر دشمن پالیسیوں کے خلاف اتحاو اتفاق اور اجتماعی موقف اختیار کرنے پر زور دیا ۔ترجمان نے کشمیری عوام کے مطالبے کا اعادہ کیا اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے بارے میں عالمی ادارے کی قراردادوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے علاقے میں آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کا انعقادکرائیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور انسانی حقوق کے دیگر بین الاقوامی اداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور بی جے پی حکومت اور مقبوضہ جموں وکشمیرمیں اس کی کٹھ پتلی انتظامیہ کو انسانیت کے خلاف جرائم پر جوابدہ بنائیں۔







