اتر پردیش: سکول میں افطار کا اہتمام کرنے پر مسلم پرنسپل معطل

لکھنو:بھارتی ریاست اتر پردیش کے علاقے شکار پور میں ایک سرکاری پرائمری سکول کی ایک مسلم پرنسپل کو سکول کے احاطے میں افطار کااہتمام کرنے پر معطل کر دیا گیا ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق افطاری کے اجتماع کی ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعدپرنسپل عرفانہ نقوی کو معطل کیا گیا۔
حکام نے دعوی ٰ کیا ہے کہ پرنسل نے اس تقریب کے لیے پیشگی منظوری نہیں لی تھی، جس کی وجہ سے انھیں معطل کیا گیا اور منتظمین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
خاتون پرنسپل کی معطلی پر اپوزیشن جماعتوں اور کارکنوں کی جانب سے شدید تنقید کی گئی ہے۔ سماج وادی پارٹی کے ایک رہنما نے اس اقدام کو امتیازی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔ انہوں نے سوال کیا کہ اسی طرح کے ضابطے سرکاری اداروں میں منعقد ہونے والی دیگر کمیونٹیز کی مذہبی تقاریب پر کیوں لاگو نہیں ہوتے ۔
سوشل میڈیا صارفین، کارکنوں اور عوامی شخصیات نے اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معطلی اتر پردیش میں بڑھتی ہوئی مذہبی تفریق کو ظاہر کرتی ہے۔







