میرواعظ کا حضرت علی کو ان کے یوم شہادت پرشاندار خراج عقیدت
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنمامیرواعظ عمر فاروق نے کشمیر کی روایتی فرقہ وارانہ اور ملی ہم آہنگی کے ماحول کو مکدر کرنے کی کسی بھی کوشش کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے پر زور دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ نے سرینگر میںخلیفہ چہارم حضرت علی کے یوم شہادت کے سلسلے میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مساجد، درسگاہیں ، خانقاہیں اور امام باڑے مسلکی منافرت کے بجائے باہمی اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے کیلئے بروئے کار لائے جانے چاہئیں۔انہوں نے اسلام اور پیغمبر اسلام کیلئے حضرت علی کی لازوال قربانیوں، خدمات، انصاف پروری، بہادری اور علمی کمالات پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حرم کعبہ میں ولادت اور آغوش پیغمبرۖ میں پرورش پانے والے حضرت علی اسلام قبول کرنے والے اولین افراد میں شامل ہیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی اسلام اور انسانیت کیلئے وقف کی تھی۔ میرواعظ نے کہا کہ حضرت علی کی گہری حکمت اور دانشمندی،اخلاقیات، نظم و نسق اور انسانی فطرت کے بارے میں ان کے بصیرت افروز خطبات پر مشتمل کتاب نہج البلاغہ ایک علمی شاہکار ہے جس سے ہر دور میں علمائ، فضلا اور دانشوروں نے فیض اٹھایا ہے۔اس سے قبل جب میرواعظ سرائے بالا پہنچے تو مقامی انتظامیہ کے ذمہ داروں اور علاقہ بھر کے عوام خاص طور نوجوانوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔





