World

چین ہمیشہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرے گا: چینی وزیر خارجہ

بیجنگ:  چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے اس عزم کا اعادہ کیاہے کہ آہنی بھائی کی حیثیت سے چین ہمیشہ پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور ترقی کی حمایت کرے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق چینی وزیر خارجہ نے اس عزم کا اظہاربیجنگ میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے ساتھ ایک ملاقات میں کیا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات روایتی گرمجوشی اور ہم آہنگی کے ماحول میں ہوئی جو پاک چین دوستی کی عکاس ہے، دونوں رہنمائو ں نے جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال، دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوئو ں اور کثیر الجہتی فورمز پر تعاون سمیت مختلف موضوعات پر تفصیلی بات چیت کی۔نائب وزیراعظم نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اپنے دفاع کے حق کے تحفظ کے لئے چین کی حکومت اور عوام کی جانب سے مسلسل حمایت کی تعریف کی۔ چین کے لئے اس کے بنیادی مسائل پر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے سدا بہار سٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا جو قیادت کے تصور اور دونوں برادر ممالک کے عوام کی خواہش پر مبنی ہے ۔ نائب وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے حل کو خطے میں دیرپا امن کے حصول کے لئے ناگزیر قرار دیا۔ چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے اس بات پر زور دیا کہ چین پاکستان کو ایک آہنی دوست اورسدابہاراسٹریٹجک پارٹنر کے طور پر دیکھتا ہے۔ انہوں نے دو طرفہ تعلقات کو تعاون اور اشتراک کی نئی بلندیوں تک پہنچانے کی چین کی خواہش کا اظہار کیا۔ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں پاکستان کے پرعزم موقف کو سراہتے ہوئے انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ چین علاقائی امن، ترقی اور استحکام کے فروغ کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔وزیر خارجہ وانگ یی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آہنی بھائی کی حیثیت سے چین ہمیشہ پاکستان کی خودمختاری، سالمیت اور ترقی کے راستے کی حمایت کرے گا۔ فریقین نے پاک چین تعلقات کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لیا اور دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button