لندن : بھارتی ہائی کمیشن کے باہر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرہ

لندن: ”یوم استحصال کشمیر“کے موقع پر لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر کشمیریوں کی ایک بڑی تعداد جمع ہوئی اور 370اور 35اے دفعات کی منسوخی کے 5 اگست 2019 کے بھارتی حکومت کے غیر قانونی اقدام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرین نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت میں اور مقبوضہ علاقے میںجاری استعماری اور نوآبادیاتی بھارتی اقدامات کے خلاف نعرے لگائے۔
شرکا نے پاکستان اور پاکستان کی مسلح افواج کی حمایت میں بھی نعرے لگائے ۔انہوں نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر” کشمیریوںکو انکا پیدائشی حق، حق خودارادیت دو، بھارت کشمیریوں پر وحشیانہ مظالم کا سلسلہ بنداور کشمیری سیاسی نظر بندوں کو رہا کرے“ جیسے نعرے درج تھے۔
انہوں نے تنازعہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پرامن اور دیرپا حل پر زور دیا ۔
مقررین نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019 کے اقدام نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی شناخت اور حقوق کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے کی ابتر صورتحال پر توجہ دے اور دیرینہ تنازعہ کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔







