برسلز: مقررین کا برہان وانی سمیت تمام کشمیری شہداء کو شاندار خراج عقیدت

برسلز:
کشمیرکونسل ای یو کے زیر اہتمام برسلز میں ایک تقریب میں شہدائے کشمیر خصوصا معروف نوجوان رہنماء برہان مظفروانی کوانکے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنما الطاف حسین وانی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید اور نائب صدر خالد محمود جوشی اور دیگر نے خطاب کیا ۔مقررین نے شہید برہان وانی سمیت تمام کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے جدوجہد آزادی کشمیری کو ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔
الطاف حسین وانی نے کہا کہ کشمیری شہدا کا مقدس خون تحریک آزادی کشمیر کا بیش قیمت اثاثہ ہے جسے ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کی آواز کو بین الاقوامی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور یورپی یونین کے اداروں تک پہنچا رہے ہیں تاکہ کشمیر یوں کو بھارتی مظالم سے نجات دلائی جاسکے اور مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل تلاش کرکے خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ یورپی پارلیمنٹ کے ممبران سے ملاقاتوں کے ذریعے کشمیری عوام کی حالتِ زار کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں تاکہ کشمیر کا دیرینہ تنازعے کا حل تلاش کیا جا سکے اور دو ایٹمی طاقتوں پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدگی کو ختم کیا جاسکے۔ علی رضا سید اور خالد جوشی نے جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔اس دوران عالمی برادری پر زور دیاگیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے عملی اقدامات کرے۔





